اطلاعاات کے مطابق میر پور آزاد کشمیر، جہلم، ظفر وال اور گرد و نواح میں ایک مرتبہ پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، زلزلے کی شدت 4.4 اور گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔لوگ خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں، دکانوں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 4.4 اور گہرائی 12 کلو میٹر تھی، زلزلے کا مرکز جہلم سے 6 کلو میٹر دور شمال میں تھا۔ تاہم ان جھٹکوں سے کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ یہ گزشتہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس تھے اور ان کا سلسلہ چند روز تک جاری رہنے کا امکان ہے، 24 ستمبر کوملک کے بیشتر شہروں میں 5.8 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، زلزلے سے آزاد کشمیر میں شدید تباہی پھیل گئی،میر پور جاتلاں میں نہر اپر جہلم کے قریب سڑکوں میں گہرے شگاف پڑ گئے جس کے باعث کئی گاڑیاں الٹ گئیں۔ سڑکیں ٹوٹ کر دھنس گئیں اور 400 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا، زلزلے کے بعد میر پور آزاد کشمیر، جاتلاں اور گرد و نواح میں مواصلاتی نظام منقطع ہو چکا ہے۔ زلزلے کے باعث ایک نجی اسپتال کو بھی شدید نقصان پہنچا۔زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 32 بتائی جارہی ہے جبکہ سینکڑوں افراد زخمی ہوئے۔
