یورپی یونین نے ترکی کو مشرقی بحیرہ روم میں یونان اور قبرص سے کشیدگی میں کمی تک سخت معاشی اقدامات سمیت نئی پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق یورپی یونین کے اعلیٰ سطح کے سفارتکار جوزف بوریل نے کہا کہ بلاک ‘مذاکرات کے لیے سنجیدہ موقع’ فراہم کرنا چاہتا ہے، لیکن اس تنازع میں اپنے رکن ممالک یونان اور قبرص کی حمایت میں ثابت قدم رہے گا۔
ترکی کے بحیرہ روم میں یونان اور قبرص کے ساتھ تنازع نے فوجی تصادم کا خطرہ بڑھا دیا ہے۔
ترک ساحلوں کے قریب چھوٹے جزیروں کو خصوصی معاشی زون قررا دینے کی یونان کی کوششوں کی ترکی مستقل مخالفت کرتا رہا ہے کیونکہ بحیرہ روم میں سب سے طویل ساحل کے حامل ملک ترکی کا ماننا ہے کہ یہ ان کے مفادات کی نفی کرتے ہیں۔
ترکی نے یہ بھی کہا ہے کہ قبرص کے قریب توانائی کے وسائل کو ترک پیٹرولیم کو لائسنس دینے والے ترک جمہوریہ شمالی قبرص (ٹی آر این سی) اور جنوبی قبرص کی یونانی قبرصی انتظامیہ کے درمیان منصفانہ طور پر مشترکہ طور پر تقسیم ہونا چاہیے۔
منبع: ڈان نیوز
