اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے لاپتہ جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل کی بازیابی کے لیے 10دن کی مہلت دے دی۔
عدالت عالیہ نے سیکرٹری داخلہ کو معاملہ وزیراعظم کے نوٹس میں لانے اور وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں رکھنے کی بھی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس اسلام آباد اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قانون کی حکمرانی نہیں ہے، شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں، وزارت داخلہ، اس کے ماتحت ادارے اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں ملوث ہیں۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایس ای سی پی کے لاپتہ افسر کی عدم بازیابی پر برہمی کا اظہار کیا۔
سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ ساجد گوندل کی بازیابی کیلئے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے، اجلاس میں تمام صورتحال کا جائزہ لیا ہے، اعلیٰ سطح پر تفتیش جاری ہے۔
منبع: جیو نیوز
