شفقنا ٹیکنالوجی: واٹس ایپ کی جانب سے مسلسل متعدد نئے اور دلچسپ فیچرز پر کام جاری رہتا ہے تاکہ صارفین کو دیگر سروسز کا رخ نہ کرنا پڑے۔
ایسے ہی ایک نئے فیچر کو جلد میٹا کی زیرملکیت میسجنگ ایپ کا حصہ بنایا جارہا ہے جس کا مقصد اسمارٹ فونز کی اسٹوریج کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ واٹس ایپ کے ذریعے لوگوں کو بہت زیادہ میسجز موصول ہوتے ہیں جن میں موجود فوٹوز اور ویڈیوز سے اسمارٹ فون کی اسٹوریج تیزی سے بھرنے لگتی ہے، مگر یہ نیا فیچر اس مسئلے کا حل ثابت ہوگا۔
WABetaInfo کی ایک رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ اور آئی او ایس کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژنز میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
نیو اسٹوریج منیجمنٹ نامی اس فیچر کے ذریعے صارفین ہر چیٹ کے بارے میں تعین کرسکیں گے کہ کس کانٹیکٹ کے میسجز میں موجود میڈیا فائلز جیسے تصاویر، ویڈیوز یا پی ڈی ایف فائلز فون میں محفوظ ہوں۔
یہ نیا فیچر ہر چیٹ کی کانٹیکٹ انفارمیشن اسکرین میں موجود ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین براہ راست ہر چیٹ کے انفارمیشن پیج میں جاکر اسٹوریج منیج کرسکیں گے۔
واٹس ایپ میں ابھی بھی منیج اسٹوریج نامی فیچر موجود ہے جس تک رسائی واٹس ایپ سیٹنگز کے ذریعے ہوتی ہے۔
مگر اب اسے براہ راست چیٹ کا حصہ بنانے سے صارفین کے لیے بڑی میڈیا فائلز کو دیکھنے یا ڈیلیٹ کرنے میں مدد ملے گی اور وہ بھی چیٹ سے باہر نکلے بغیر۔
وہاں newest، اولڈسٹ اور لارجسٹ جیسے آپشنز بھی موجود ہوں گے تاکہ مخصوص فائلز کو زیادہ آسانی سے تلاش کیا جاسکے۔
ان فائلز کو بیک وقت ڈیلیٹ کرنا بھی ممکن ہوگا جبکہ انہیں اسٹارڈ بھی کیا جاسکے گا تاکہ چیٹ کے اندر انہیں تلاش کرنا آسان ہو جائے۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی واٹس ایپ کے بیٹا ورژنز میں متعارف کرایا گیا ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ یہ کب تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔