شفقنا سائنس: اسمارٹ فونز میں متعدد ایپس موجود ہوتی ہیں مگر زیادہ امکان یہی ہوتا ہے کہ ان میں متعدد ایسی ہوتی ہیں جن کو بہت کم استعمال کیا اجتا ہے۔
یعنی کچھ ایپس ایسی ہوتی ہیں جن کو آپ روزانہ استعمال کرتے ہیں، کچھ ایسی ہوتی ہیں جن کو کبھی کبھار اوپن کرتے ہیں۔
چونکہ ایسی ایپس کبھی کسی کام آچکی ہوتی ہیں تو بیشتر افراد انہیں فون میں انسٹال رکھتے ہیں یا اکثر بھول ہی جاتے ہیں کہ ڈیوائس میں کون کون سی ایپس موجود ہیں۔
اس کا نقصان یہ ہوتا ہے کہ فون کی اسٹوریج بھرنے لگتی ہے، چاہے آپ ایپ کو استعمال نہ بھی کریں۔
ایسی ایپس کو ڈیلیٹ بھی کیا جاسکتا ہے مگر جب ضرورت ہو تو پھر انسٹال کرنا پڑتا ہے اور یہ بھی ہر فرد کو پسند نہیں ہوتا۔
مگر اس مسئلے کا حل لگ بھگ ہر اینڈرائیڈ فون کی ایسی سیٹنگ میں موجود ہے جس کا بیشتر افراد کو علم ہی نہیں ہوتا۔
یہ ہے ایپ آرکائیو فیچر جو ایپ کے مختلف حصوں جیسے عارضی فائلز، پرمیشنز اور سافٹ وئیر وغیرہ کو فون سے غائب کردیتا ہے، مگر ایپ ڈیوائس میں موجود ہوتی ہے۔
ایسا ہونے پر ایپ کو استعمال نہیں کیا جاسکتا مگر اسٹوریج بڑھ جاتی ہے۔
ضرورت پڑنے پر آپ ایپ کو دوبارہ اس کی اصل شکل میں ری اسٹور کرسکتے ہیں۔
ایپ کو آرکائیو کرنا اسمارٹ فون کو فیکٹری ری سیٹ کیے بغیر صاف رکھنے کا آسان ترین طریقہ ہے۔
اینڈرائیڈ فونز میں ایپس کو کیسے آرکائیو کریں؟
اینڈرائیڈ فونز میں ایپس کو آرکائیو کرنے کے 2 طریقے ہیں۔
ایک تو گوگل پلے اسٹور کے ذریعے ایسا کرنے میں مدد فراہم کرتا ہے جبکہ دوسرے میں خود ایسا کرنا ہوتا ہے۔
گوگل پلے اسٹور کا طریقہ کار خودکار طور پر کام کرتا ہے اور عام صارفین کے لیے بہترین ہوتا ہے، کیونکہ آپ کو ہر ایک ایپ کو الگ الگ اوپن کرکے خود آرکائیو نہیں کرنا پڑتا۔
یہ طریقہ کار اینڈرائیڈ فون کی اسٹوریج کو بچانے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے گوگل پلے اسٹور کو اوپن کریں۔
وہاں اوپر دائیں جانب موجود پروفائل آئیکون پر کلک کرکے سیٹنگز میں جائیں۔
سیٹنگز میں جنرل ٹیب پر کلک کریں اور نیچے اسکرول کرکے آٹومیٹکلی آرکائیو ایپس کے آپشن کو ان ایبل کر دیں۔
ایسا کرنے کے بعد پلے اسٹور ایسی ایپس کو آرکائیو کر دے گا جن کو استعمال نہیں کیا جاتا اور ایسا اس وقت ہوگا جب فون کی اسٹوریج کی حد ایک خاص سطح پر پہنچ جائے گی۔
اگر آپ ایپس کو خود آرکائیو میں منتقل کرنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے سیٹنگز میں ہر ایپ کو اوپن کرنا ہوگا۔
اس کے لیے فون سیٹنگز اوپن کرکے اس ایپ کو منتخب کریں جس کو آرکائیو میں منتقل کرنا چاہتے ہیں۔
وہاں نیچے موجود آرکائیو بٹن پر کلک کردیں، واضح رہے کہ کچھ اینڈرائیڈ فونز میں مینوئل آرکائیو کا فیچر دستیاب نہیں ہوتا تو ان میں گوگل پلے اسٹور والا آپشن ہی کام کرتا ہے۔
آرکائیو ایپس کو ری اسٹور کیسے کریں؟
اگر آپ کسی آرکائیو ایپ کو ری اسٹور کرنا چاہتے ہیں تو یہ بھی کافی آسان ہے۔
اس کے لیے سیٹنگز میں ایپس اور پھر آرکائیو ایپس میں جاکر ری اسٹور کے بٹن پر کلک کریں۔
ایسا کرنے پر پلے اسٹور ایپ کو ری ڈاؤن لوڈ کرے گا اور یہ عمل چند سیکنڈز میں مکمل ہو جائے گا۔