اسلام آباد میں شوکت خانم اسپتال کی فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے زرداری ہاؤس میں اپوزیشن کی افطار پارٹی پر شدی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سارے جمہوریت بچانے کے نام پر جمع ہوئے ہیں، بدقسمتی سے ان ہی لوگوں کی وجہ سے ملک آگے نہیں بڑھا۔
انہوں نےکہا کہ جوکہتےتھےدو پارٹی سسٹم کی وجہ سےاقتدارمیں نہیں آسکتا،تاریخ کےسب سےبڑے قرضے اورسب سےمشکل حالات میں پاکستان ہمیں ملا لیکن خطے میں سب سے اوپر پاکستان کو لے جا کر دکھاؤں گا۔
قبل ازیں خیبر پختونخوا کابینہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرپٹ سیاسی مافیا معیشت کے ذریعے بلیک میل کرنا چاہتا ہے، پرانے نظام سے فائدہ اٹھانے والا سیاسی مافیا نئے نظام کی راہ میں روڑے اٹکانا چاہتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم 10 سال میں تباہ کی گئی معیشت کو ٹھیک کر رہے ہیں، ماضی کی غلط اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج ملک کی یہ حالت ہوئی ہے، یہ سارے چور اکٹھے ہونا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو بلاول اور مریم نواز کے افطار ڈنر میں ملنے پر حیرت نہیں ہونی چاہیے، کرپٹ ٹولہ اب اکھٹا ہو رہا ہےتاہم عوام کبھی ان کا ساتھ نہیں دیں گے۔
کابینہ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے آئی ایم ایف سےمعاہدے کوبہترین قراردیا اورکہا کہ عنقریب برآمدات میں بہتری، ترسیلات زر میں اضافہ اور معیشت بہترہوجائے گی۔
انہوں نے اشیاء خور ونوش کی قیمتوں پر نظر رکھنے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت بھی کی اور کہا کہ وہ اسی قوم سے ملک کو چلانے کے لیے پیسہ اکٹھا کر کے دکھائیں گے۔