دنیا کے سب سے چھوٹے پرندے کی سب سے بڑی بات

 

 

 

کہتے ہیں احسان کرنے والے کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیئے یہ بات انسانوں کیلئے ہے لیکن اگر ہم اپنے ارد گرد نگاہ دوڑائیں تو س قول پر عملدرآمد کرنے والے انسانوں سے زیادہ جانور ملیں گے۔

 

آپ کسی آوارہ کتے کو کسی وقت کھانا کھلا دیں وہ ہمیشہ آپ کو دیکھ کر دم ہلاتا رہے گا یعنی اپنی احسانمندی کا احساس دلاتا رہے گا۔

 

کسی پرندے کیلئے روزانہ دانہ پانی اپنی بالکونی میں رکھ دیں چند دن کے بعد وہ آپ سے مانوس بھی ہوجائے گا اور اس کی آنکھوں میں آپ کیلئے احترام وخوشی بھی صاف محسوس کی جاسکے گی۔

 

لیکن یہاں ہم جس انوکھے واقعے کا ذکر کررہے ہیں وہ ہے دنیا کے سب سے چھوٹے پرندے "ہمنگ برڈ” کا، جس نے احسان کا بدلہ صرف ایک بار نہیں بلکہ ہرسال اپنے محسن کو یاد رکھ کر دیا۔ دنیا کا یہ وہی سب سے چھوٹا پرندہ ہمنگ برڈ ہےجو نصف انسانی انگلی سے بھی چھوٹا ہوتا ہے۔

 

معاملہ امریکی ریاست جارجیا میں ایک سیکیورٹی افسرکا ہے جو ہر سال ایک ننھے سے مہمان کا استقبال کرتا ہے، یہ مہمان ننھا سا ہمنگ برڈ ہے جو ہر سال اپنے اس محسن سے ملنے آتا ہے۔

 

مائیکل کارڈنز نامی یہ سیکیورٹی افسر بتاتا ہے کہ 4 سال قبل اپنے گارڈن میں اسے یہ پرندہ اس حالت میں ملا تھا کہ اس کے پر ٹوٹے ہوئے تھا، یہ زخمی تھا اور اڑ نہیں سکتا تھا۔

 

مائیکل نے اس پرندے کی دیکھ بھال کی اور اس کی غذا کا خیال رکھا، 8 ہفتوں بعد جب پرندے کے پر دوبارہ اگ آئے اور وہ اڑنے کے قابل ہوگیا تو وہ واپس اپنے گھر کی طرف لوٹ گیا۔

 

اس کے اگلے برس مائیکل نے دیکھا کہ وہ پرندہ پھر اس کی کھڑکی پر موجود تھا۔ یہ پرندہ اس علاقے سے دور جنوب کی طرف رہتا ہے اور مائیکل کے مطابق یہ خاصا لمبا سفر کر کے اس سے ملنے آیا تھا۔

اس کے بعد یہ ہر برس کا معمول بن گیا۔ ہر سال جب پرندے ہجرت کرنا شروع ہوتے ہیں تو یہ پرندہ اپنے دوسرے گھر جانے سے قبل اپنے محسن سے ملنے ضرور آتا ہے جس نے اس کی جان بچائی تھی۔

مائیکل کہتا ہے کہ اپنے اس دوست سے ملاقات کر کے اسے بے حد خوشی ملتی ہے اور اب وہ ہر سال شدت سے اس کا انتظار کرتا ہے۔

 

یہ تو بات تھی ہمنگ برڈ کی جو فقط ایک حیوان ہے، آپ تو اشرف المخلوقات میں شمار ہوتے ہیں کیا آپ کو بھی اپنے محسن یاد ہیں اور آپ ان کے احسان کا بدلہ چکانے کیلئے کوئی عمل کرتے ہیں۔۔۔؟؟

 

Share This Article

تازه ترین

کشمیر میں لوٹس اسٹیم کی کٹائی