پشاور میں قمری کلینڈر پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ قمری کلینڈراسلامی نظریاتی کونسل کو مل گیا ہے اوراسلامی نظریاتی کونسل کا شعبہ تحقیق اس پر کام کررہا ہے،حکومت نے جو کلینڈر بھیجا ہے اس سے پتہ چلے گا کہ چاند کب اور کہاں نکلے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ دنیا میں ابھی تک کہیں بھی عید کا اعلان نہیں ہوا، طریقے کے تحت رویت کا باقاعدہ اہتمام ہونا چاہیے، قرآن وحدیث کےمطابق عید اور رمضان کا اعلان چاند کو دیکھ کرکرنا ہوتا ہے اور رویت کے ساتھ جدید آلات کا استعمال میں بھی کیا جاسکتا ہے۔
قبلہ ایاز نے سوالیہ اندز میں کہا کیا حکومت نے رویت ہلال کمیٹی کو ختم کردیا ہے؟
کیا حکومت نے اس بات کی اجازت دیدی ہے کہ عید کا اعلان وزارت سائنس وٹیکنالوجی کرے گی؟
رویت ہلال ایپلی کیشن اور فواد چوہدری
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری قمری کلینڈر اور چاند دیکھنے کی پہلی ویب سائٹ کا افتتاح کیا انہوں نے کہا تھا کہ 5 سالہ قمری کلینڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہےجبکہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔

وفاقی وزیر فواد چوہدری کہتے ہیں کہ کیا اب تک پتھروں کے زمانے میں ہی رہنا ہے۔۔؟ ٹیکنالوجی کے استعمال کو ماضی میں بھی ممنوع قرار دے کر اس کے خلاف فتوے جاری کیئے جاتے رہے لیکن بعد میں سب کو سمجھ آگئی کہ وقت کے ساتھ خود کو اپ ڈیٹ کرنا ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے کیلنڈر بنایا، اور اب پہلی ایپ بھی بنادی جسے چاند دیکھنا ہو اس ایپ کے ذریعے سکون سے دیکھے، ہمارا مقصد تنازع ختم کرنا ہے لیکن اس معاملے کو بھی متنازعہ بنایا جارہا ہے۔