عالمی کپ 2019، میزبان انگلینڈ کی فتح، جنوبی افریقہ کو سنبھلنے کا موقع ہی نہیں دیا

 

 

دنیائے کرکٹ کے سب سے بڑے مقابلے ‘ورلڈکپ’ کے افتتاحی میچ میں فیورٹ انگلینڈ نے بیٹنگ،باؤلنگ اور فیلڈنگ کے تینوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو 104 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیدی۔

 

انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اووزمیں 8 وکٹوں کےنقصان پر 311 رنز بنائے، جواب میں جنوبی افریقا کی پوری ٹیم 207 رنز پرڈھیر ہوگئی۔

 

 

 

 

اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان انگلش ٹیم کے کپتان این مورگن کو بیٹنگ کی دعوت دی، اور ان کا یہ فیصلہ بعد میں غلط ثابت ہوا۔

 

انگلش ٹیم کی جانب سے جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دوسری ہی گیند پر عمران طاہر نے بیئراسٹو کو آؤٹ کر دیا۔

 

پہلی وکٹ جلدی گرنے کے بعد جیسن رائے اور جو روٹ نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔

جیسن رائے اور جو روٹ نے اپنی نصف سنچریاں اسکور کیں اور دونوں کھلاڑی بالترتیب 54 اور 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

 

انگلش کپتان این مورگن اور بین اسٹوکس نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ففٹیز اسکور کیں۔ مورگن 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ بین اسٹوکس نے 89 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 311 رنز کا مجموعی اسکور بورڈ پر سجایا جب کہ جنوبی افریقا کی جانب سے لنگی نگیدی نے 3، عمران طاہر اور کگیسو ربادا نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

 

جواب میں جنوبی افریقا کی جانب سے اننگز کا آغاز ڈی کاک اور ہاشم آملہ نے کیا تاہم 14 کے مجموعی اسکور پر جنوبی افریقا کو اس وقت دھچکہ لگا جب ہاشم آملہ انگلش فاسٹ بولر چوفرا آرچر کی 90 میل فی گھنٹہ کی رفتار کی کی گئی گیند کی زد میں آگئے۔

 

 

 

 

آرچر کی تیز رفتار گیند ہاشم آملہ کے سر پر لگی جس کی وجہ سے انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔

اس کے بعد مرکرم کریز پر آئے تاہم 36 کے مجموعی اسکور پر وہ 11 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ جنوبی افریقا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان ڈوپلیسی سے جو صرف 5 رنز بناکر آرچر کا شکار ہوگئے۔

کوئنٹن ڈی کاک 68، جے پی ڈومینی 8، پریٹوریس ایک، فیلوکائیو 24، ربادا 11 اور ہاشم آملہ 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

 

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر نے 3، پلنکیٹ اور اسٹوکس نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آل راؤنڈ کارکردگی پر بین اسٹوکس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

 

Share This Article

تازه ترین