نریندر مودی کے دوسری بار بھارت کے وزیر اعظم کے منصب کا حلف اٹھانے کے بعد ان کی نئی کابینہ ارکان کے ناموں کا بھی اعلان کردیا گیا۔
نئی کابینہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی کےسابق صدرامیت شاہ کو بھارتی وزیر داخلہ مقررکیا گیا ہے، جبکہ سابق خارجہ سیکریٹری جےشنکر نئےوزیرخارجہ ہوں گے۔
سابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو وزیر دفاع مقرر کیا گیا ہے معروف ٹی وی ایکٹراورسابق وزیر تعلیم سمرتی ایرانی کو خواتین، بچوں اور ٹیکسٹائل کی وزارت دی گئی ہے۔
اسی طرح نرملا سیتا رام کو وزیرخزانہ اورکارپوریٹ افیئرز، روی شنکر پرساد کو وزیر قانون و انصاف، پرکاش جاویدکر کو وزیر ماحولیات، پیوش گویال کو وزیرریلوے، مختار عباس نقوی کووزیر برائے اقلیتی امور، اروند ساونت کو وزیر برائے ہیوی انڈسٹری اور کیرن رججو کو وزیر برائے امور نوجوانان مقرر کیا گیا ہے۔
نئی کابینہ نے وزیر اعظم کی حلف برداری کے بعد اپنے عہدوں کا بھی حلف اٹھا لیا۔ مودی کی نئی کابینہ میں سشما سوراج اور ارون جیٹلی جیسے اہم رہنما شامل نہیں ہیں۔
مودی کی وزارت عظمیٰ کے پہلے دور سنہ 2014 میں 45 رکنی کابینہ نے حلف اٹھایا تھا جو 2019 تک بڑھتے بڑھتے 75 رکنی ہوگئی تھی۔