اسی بجٹ سے 27 فروری کو بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر

 

 

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ خطرات سے نمٹنے کی بھرپورصلاحیت برقرار رکھیں گے، دفاعی بجٹ میں کٹوتی رضاکارانہ طور پر کی گئی ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ بجٹ میں کٹوتی کے باوجود کسی صورت دفاعی اور سیکورٹی معاملات متاثر ہونے نہیں دیں گے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج داخلی اقدامات کے ذریعے بجٹ کٹوتی کو یقینی بنائیں گی، قبائلی علاقوں اور بلوچستان میں ترقیاتی کام بہت ضروری ہیں۔

 

انھوں نے کہا کہ بھارتی جعلی میڈیا، پاکستان کے دفاعی بجٹ میں کٹوتی پر بیوقوفانہ تجزیئے کررہا ہے، دفاعی بجٹ میں کمی سے کوئی یہ نہ سمجھے کہ وطن کی حفاظت کے معاملات کمزور ہوجائیں گے۔

ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا  کہ جعلی بھارتی میڈیا ہمارے اندرونی دفاعی بجٹ کو توڑ مروڑ کر پیش کررہا ہے۔

آصف غفور نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے پاکستان میں بھارتی دراندازی کی کوشش پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری کا دن یاد دلایا اور کہا کہ مت بھولو، 27 فروری کو یہی فوج تھی اور اس کا یہی بجٹ تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جواب دینے کی مکمل صلاحیت ہے، یاد رکھو،  پاکستانی مسلح افواج کے پیچھے بجٹ نہیں بلکہ افواج کا عزم اورمتحد قوم ہے۔

 

یاد رہے کہ پاک فوج نے عید الفطر کے موقع پر قوم کو خوشخبری سناتے ہوئے معیشت کی بہتری کیلئے دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

 

Share This Article

تازه ترین