اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے سیلمان شہباز نے کہا ہےوالد صاحب آٹھ جون کو وطن واپس پہنچیں گے اور بجٹ سیشن میں شریک ہوں گے۔
سیلمان شہباز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا مضحکہ خیز چہ مگوئیاں ایک بار پھر دم توڑ گئی ہیں۔
یاد رہے شہباز شریف کے وکیل نےاحتساب عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کے موکل 11 جون تک وطن واپس آجائیں گے اور عدالت میں پیش ہوں گے۔
نیب نے بھی شہبازشریف کانام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے سپریم کورٹ میں اپیل دوبارہ دائر کر رکھی ہے، جس میں کہا گیا خدشہ ہے شہباز شریف بیرون ملک فرار یا انڈرگراؤنڈ ہوجائیں گے اور ملزم کی عدم دستیابی پر نیب کی تحقیقات اور کارروائی رک جائےگی۔
شہبازشریف 10 اپریل کو لندن روانہ ہوئے تھے، روانگی سے قبل شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا تھا عدالتی حکم پرمجھےضمانت ملی،نام ای سی ایل سےنکالاجاچکاہے ، پوتے،پوتی کودیکھنےلندن جارہاہوں،اپناطبعی معائنہ کراؤں گا اور انشااللہ جلد وطن واپس آؤں گا۔
دوسری جانب معاون خصوصی برائےاطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اپمی ٹوئٹ میں کہا ہے شہباز شریف صاحب، قانون آپ کی آمدکامنتظرہے، ٹی ٹیز اور پاپڑ والے کے اکاؤنٹس بھرنے کا جواب نہیں آیا؟ امید ہے آپ اپنے بیٹے اور داماد کو بھی ساتھ لائیں گے۔
فردوس عاشق اعوان کا ایک اور ٹوئٹ میں کہنا تھا پاناما میں پوری قوم کے سامنے انکشافات ہوئے، مریم ، والدگرامی اور بھائیوں کے تضادات پر مبنی انٹرویوز چلے، تضادات پر مبنی انٹرویوز ہم نے نہیں چلوائے تھے۔