دونوں ٹیموں کے درمیان اہم میچ برسٹل کے کاؤنٹی گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کے باعث میچ ٹاس کے بغیر ہی بے نتیجہ ختم ہو گیا۔
برسٹل کاؤنٹی گراؤنڈ میں بارش تھم جانے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے گراؤنڈز کے کچھ حصے سے کورز ہٹائے گئےاور امپائرز نے گراؤنڈ کا جائزہ بھی لیا تاہم آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے اور بوندا بادی کے باعث امپائرز نے میچ کو منسوخ کر دیا۔

میچ کو فیصلہ کن بنانے کے لیے کم از کم 20 اوورز کا کھیل ہونا ضروری تھا تاہم بارش کی وجہ سے میچ نہ ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
سری لنکا سے میچ منسوخ ہونے کے بعد پاکستان کے ورلڈ کپ اب تک تین میچز میں تین پوائنٹس ہو گئے جب کہ پاکستان کا اگلا میچ آسٹریلیا سے 12 جون کو ہو گا۔
پاکستانی تماشائی دنیا کے مختلف شہروں سے ورلڈ کپ کا یہ میچ دیکھنے کے لیے برسٹل میں موجود ہیں اور بارش کی وجہ سے میچ شروع نہ ہونے کے باعث شائقین کو مایوس واپس لوٹنا پڑا۔
پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا یہ تیسرا میچ ہے اور دونوں نے ایک ایک میچ جیتا ہے اور ایک ایک میں اُنہیں شکست ہوئی ہے۔
پوائنٹس اسکورنگ ٹیبل پر سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں 2،2 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں پوزیشن پر ہیں تاہم سری لنکا کو پاکستان پر بہتر اوسط کی بدولت برتری حاصل ہے۔
کسی خوش فہمی میں مبتلا نہیں ہیں، سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کہتے ہیں کہ سری لنکا کے خلاف میچ بارش کے باعث متاثر ہونے سے مایوسی ہوئی لیکن ٹیم کا مورال بہت اچھا ہے اور ہم ٹورنامنٹ کے بقیہ چھ میچز جیتنا چاہتے ہیں۔
کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ایک میچ جیتنے اور ایک میچ بارش سے متاثر ہونے سے ہم کسی خوش فہمی میں مبتلانہیں ہیں، ہم اگلے 6 میچز جیتنا چاہتے ہیں، اس وقت ٹیم کا ماحول بہت اچھا ہے اور تمام لڑکے ٹورنامنٹ میں کچھ کرنا چاہتے ہیں۔
سرفراز احمد نے کہا کہ بارش کی وجہ سے میچ منسوخ ہونے سے مایوسی ہوئی لیکن بارش بھی کھیل کا حصہ ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ کے بارے میں سرفراز احمد نے کہا کہ ابھی تین دن باقی ہیں کوشش کریں گے کہ اچھی تیاری کے ساتھ جائیں۔
سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا دونوں میچ جیتی ہوئی ہے اس لے دفاعی چیمپئن کے خلاف اچھی کارکردگی دکھا کر وننگ نوٹ کے ساتھ روایتی حریف بھارت کا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں۔
پاکستانی ٹیم ہفتے کو بس کے ذریعے ٹاونٹن جائے گی جہاں سمرسٹ کاؤنٹی گراونڈ میں پاکستان کا پہلا پریکٹس سیشن اتوار کو دوپہر دو بجے ہو گا۔