پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے خاڑ کمر میں بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس میں پاک فوج کے 3 افسران اور ایک جوان شہید ہوئے جبکہ 4 زخمی ہیں۔
شہید ہونے والوں میں لیفٹینٹ کرنل راشد کریم بیگ، میجر معیز مقصود، کیپٹن عارف اللہ اور لانس حوالدار ظہیر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید لیفٹیننٹ کرنل راشد کریم بیگ کا تعلق ہنزہ کے علاقے کریم آباد سے تھا۔ شہید میجر معیز مقصود بیگ کا تعلق کراچی سے، کیپٹن عارف اللہ کا تعلق لکی مروت اور لانس حوالدار ظہیر کا تعلق چکوال سے تھا۔
یاد رہے کہ کچھ روز قبل اسی مقام پر فورسز نے سرچ آپریشن کر کے دہشت گردوں کے چند سہولت کاروں کو گرفتار کیا تھا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گزشتہ ایک ماہ کے دوران شمالی وزیرستان میں 10 سیکیورٹی اہلکار شہید اور 35 زخمی ہو چکے ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان سمیت سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور اور اپوزیشن کی جانب سے شمالی وزیرستان سانحے پر شدید غم کا اظہار کیا گیا ہے، ان رہنماؤں نے اپنے بیانات میں کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعہ کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے، پاک فوج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، رہنماؤں نے شہید افسران و اہلکاروں کے خاندانوں س سے بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں عید سیکیورٹی پر تعینات ایف سی اہلکاروں پر دہشتگردوں کا حملہ دو اہلکار شہید:
اس سے قبل بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں بھی دہشتگردوں کی فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار شہید ہوگئے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی کے شہید اہلکاروں میں 23 سالہ سپاہی یار محمد کا تعلق سبی سے جبکہ 19 سالہ شہید سپاہی مہتاب خان کا تعلق لکی مروت سے ہے۔