قومی اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نے نیب کے سامنے کوئی تاخیری حربہ استعمال نہیں کیا آصف زرداری نے نیب کے ہر سوال کا جواب دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آج ہی آصف زرداری کے پرودکشن آرڈر جاری کیے جائیں، خواجہ سعد رفیق کے بھی پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں، قائد حزب اختلاف کے مطالبے پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ مجھے اس معاملے پر قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے لیے کچھ وقت دیں۔
عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی جانب سے وزیر توانائی عمر ایوب کو ٹوئٹ کر کے مبارکباد دی کہ آپ نے بجلی کا مسئلہ حل کر دیا ہے، یہ صدی کا سب سے بڑا جھوٹ ہے۔
شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے دوست فواد چوہدری سے ان کا عہدہ چھن لی گیا ہے، عہدہ چھن جانے کے بعد ڈپریشن میں چلے گئے ہیں۔
شہباز شریف کی گفتگو کے دوران فواد چوہدری بھی ایوان میں آگئے جس پر صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ "فواد چوہدری صاحب، بڑی لمبی عمر ہے آپ کی”۔
صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ فواد چوہدری کا سائنس کی دنیا میں ڈنکا بج رہا ہے، فواد چوہدری نے عید کے چاند کے حوالے سے بھی کیمیائی نسخے نکالے ہیں۔
جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ چاند تو دکھا دیا، اب دنیا بہت سے چاند چڑھتے دیکھی گی اور اماوس کی اندھیری رات کا خاتمہ ہوگا۔
اجلاس کے دوران وفقی وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ نیب اپنے امور میں خود مختار ہے، انھوں نے عداتی احکامات پر عملدرآمد کی اس میں حکومت کا کوئی کردار نہیں بلکہ نیب نے تو وفاقی وزارت داخلہ سے مدد بھی طلب نہیں کی۔
اس دوران شیخ رشید بولنے کیلئے کھڑے ہوئے تو اپوزیشن اراکین نے کہا کہ پہلے بلاول بھٹو زرداری
کو تقریر کرنے دی جائے جس پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شیخ رشید نے پہلے اجازت طلب کی ان کے بعد بلاول زرداری کو تسلی سے سنا جائے گا۔
تاہم اپوزیشن اراکین نے شور شرابہ کرتے ہوئے اسپیکر کے ڈائس کا گھیراؤ کرلیا، اس دوران شیخ رشید نے کہا کہ مجھے اگر تقریر نہیں کرنے دی گئی تو اس ایوان میں کسی کو بولنے نہیں دوں گا، شیخ رشید نے کہا کہ ہم نے مصنوعی کام نہیں کیئے ہیں۔
اس عید پر پاکستان ریلوے نے ایک ارب روپے کا منافع کمایا اگر میں اپنی وزارت میں کوئی کارنامہ نہیں دکھا سکا تو وزیراعظم سے خود کہوں گا کہ میری وزرات تبدیل کردیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ شور شرابہ جمہوریت کے حق میں نہیں بلکہ اپنی کرپشن چھپانے کیلئے کیا جارہا ہے، انھیں ڈر ہے کہ ایک کے بعد دوسرے کی باری آئے گی۔
ایوان میں اپوزیشن کے سخت شور شرابے کے باعث ڈپٹی اسپیکر نے اسمبلی کا اجلاس منگل کی شام 5 بجے تک ملتوی کردیا۔