مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی ملاقات کی دعوت چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے قبول کرلی ہے۔
ملاقات اتوار کی دوپہر ڈھائی بجے جاتی امراء میں ہوگی، بلاول نے کہا ہے کہ وہ مریم نواز سے ضرور ملیں گے کیونکہ کوئی جماعت تنہا پاکستان کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے بلاول بھٹو کو اپنی رہائش گاہ جاتی امرا میں ملاقات کی دعوت دی ہے اور اس موقع پر دونوں جانب سے چند قریبی رفقاء بھی شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہناہےکہ بلاول بھٹو زرداری نے مریم نواز کی دعوت پر ان سے ملاقات کی رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ کل دوپہر جاتی امرا جائیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں آصف زرداری، فریال تالپور اور حمزہ شہباز کی گرفتاری سمیت دیگر سیاسی امور اور اپوزیشن کی حکمت عملی پر بات چیت کی جائے گی جب کہ اس دوران بجٹ کے حوالے سے بھی معاملات زیر غور آئیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ قمر زمان کائرہ، چوہدری منظور ،حسن مرتضیٰ، مصطفیٰ کھوکھر بھی ہوں گے۔
واضح رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی گرفتاری کے بعد نیب نے گزشتہ روز فریال تالپور کو گرفتار کیا۔
فریال تالپور کی گرفتاری پر مریم نواز نے شدید مذمت کی اور وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان کو معصوم قرار دیا تھا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل رمضان میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپوزیشن جماعتوں کے قائدین کو افطار ڈنر پر مدعو کیا تھا۔
ملک کی اپوزیشن جماعتوں نے اس دعوت افطار کے موقع پر حکومت کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنانے کے لیے عید کے بعد آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا تھا تاہم اب تک اے پی سی نہیں بلائی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ جتنا دباؤ ڈالنا ہے ڈال لیں، جتنے کیسز بنانے ہیں بنا لیں لیکن پیپلز پارٹی جھکنے اور بکنے والی نہیں ہے۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی جھکنے اور بکنے والی جماعت نہیں، جتنا دباؤ ڈالنا ہے ڈال لیں، 18 ویں ترمیم، لاپتہ افراد اور سول کورٹس کے معاملے پر اپنا مؤقف تبدلی نہیں کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اپنے نظریے، اصولوں اور منشور پر سمجھوتہ نہیں کرتے، یوٹرن نہيں لیتے، 18 ویں ترمیم، لاپتہ افراد اور سول کورٹس کے حوالے سے اپنا مؤقف نہیں بدلیں گے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیش کردہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ غریبوں کے لیے جدوجہد کی ہے اور کریں گے۔
وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نالائق وزیراعظم نے سب سے بڑے صوبے کے لیے نالائق وزیراعلی چنا، جسے ہاتھ ملانے کا نہیں پتہ وہ حکومت کیسے چلا سکے گا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ آصف زرداری کو گرفتار کیے جانے کے باوجود ہم نے موقع دیا کہ عوام دوست بجٹ پیش کیا گیا تو ہم سپورٹ کريں گے، خان صاحب نے آئی ایم ایف کے پاس جا کر پورے ملک کو معاشی خود کشی کرا ڈالی۔
شیخ رشید احمد کا ردعمل

وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بلاول کو سب پہلے والد اور پھوپھی کے خلاف تحریک چلانی چاہیے، زرداری، شہباز اور حمزہ کے خلاف مضبوط شہادتیں ہیں، ممکن ہے ٹکٹکی پر چڑھ جائیں۔
شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک میں کچھ بھی ہو سکتا ہے لیکن نواز شریف اور آصف زرداری حکومت میں نہیں آ سکتے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا جون سے پہلے جھاڑو پھرنے کا کہا تھا، 15 دن میں مزید جھاڑو پھر سکتی ہے۔
شیخ رشید نے کہا جس نے گاجریں کھائی ہیں نیب انہیں پھکی دے، چاہے وہ حکومت سے ہی کیوں نہ ہوں، سابق صدر اور سابق وزیراعظم کا بیک وقت جیل میں ہونا گنیز ریکارڈ ہے، پوری دنیا میں ایسا نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور فریال تالپور کو ڈھیل ہے لیکن ڈیل نہیں ہو سکتی،دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف کیسز بنائے اور شہادتیں دے رکھی ہیں اور ایک دوسرے کے سلطانی گواہ بھی ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ن لیگ میں جان نہیں ہے، 20 سے 25 ایم این ایز کے ریفرنس آخری مراحل میں ہیں۔