فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس نادہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لانے کیلئے اقدامات کا آغاز کرتے ہوئے سندھ میں مہنگی گاڑیاں رکھنے والے13 ہزار 5 سو افراد کو نوٹس جاری کردیا ہے۔
یہ اقدام شاہانہ طرز زندگی گزارنے والے ٹیکس نادہندگان کے گرد گھیرا تنگ کرنے کیلئے کیا گیا ہے ایف بی آر نے سندھ میں تیرہ ہزار پانچ سو لگژری گاڑیاں رکھنے والوں کو نوٹس جاری کردیا۔
ایف بی آر ذرائع کے مطابق لوگوں کو ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھانے پر راغب کیا جارہا ہے اور اگر اس سے کسی نے فائدہ نہ اٹھایا تو یکم جولائی سے ایکشن شروع ہو جائے گا۔ فیصلہ کرلیا گیا ہے کیونکہ شاہانہ زندگی گزارنی ہے تو ٹیکس بھی دینا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق نو ہزار دو سو تیس ڈبل کیبن، ایک ہزار چھ سو پانچ لینڈ کروزر، ایک ہزار نو سو ستر پراڈو، پینتالیس او ڈی، دو سو باہتر لگژری مرسڈیز اور اکہتر بی ایم ڈبلیو کے مالکان کو نوٹس دئیے گئے ہیں، یکم جولائی سے بے نامی ایکٹ کے تحت سات سال تک سزا اور اثاثے ضبط کیے جا سکتے ہیں۔