جی 20 اجلاس،برازیلین صدر کے وفد کی خاتون 39 کلو کوکین کے ساتھ پکڑی گئی  

 

 

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق جی 20 اجلاس میں جانے والے برازیلین صدر جیئر بولسونارو کی ایڈوانس ٹیم میں شامل خاتون اہلکار کے سامان سے اسپین کے ائیرپورٹ پر تلاشی کے دوران 39 کلو گرام کوکین برآمد ہوئی ہے۔

 

اسپینش پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متعلقہ خاتون کو جنوب مغربی اسپین کے راستے جاپان جاتے ہوئے منگل کو گرفتار کیا گیا اور ملزمہ کے سوٹ کیس میں صرف منشیات موجود تھی، اسپین کی عدالت نے منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار ہونے والی ملزمہ کو حراست میں رکھنے کا حکم دیا ہے۔

"برازیلین صدر نے منشیات کی اسمگلنگ کے الزام میں ایک فوجی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے وزارت دفاع کو ہسپانوی پولیس سے تعاون کرنے کا حکم دیا ہے”۔

صدر بولسونارو نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹوئٹ میں وعدہ کیا کہ جو عناصر منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ہیں ان کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے جائیں گے۔

 

بولسونارو کا مزید کہنا تھا کہ اگر خاتون اہلکار نے جرم تسلیم کر لیا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لائی جائے گی، جی 20 کانفرنس جاپان کے شہر اوساکا میں جمعے کو شروع ہوئی جو دو دن جاری رہے گی۔

 
برطانوی پارلیمنٹیرین کے کوکین استعمال کا انکشاف

 

 

دوسری جانب غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق برطانوی پارلیمنٹ میں بھی کوکین کا نشہ کیا جانے لگا، پارلیمنٹ ہاؤس کی 9 جگہوں پر کوکین استعمال کرنے کے شواہد پائے گئے ہیں اوران میں 4 جگہوں پر صرف ممبر پارلیمنٹ ہی جاسکتے ہیں۔

 

سروے رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس کے باتھ روم، بار اور دیگر جگہوں پر کوکین کے پیکٹس برآمد ہوئے ہیں، کنزرویٹو پارٹی نے حال ہی میں غیرقانونی ڈرگس کے استعمال کے خلاف بیان دیا تھا۔

کنزرویٹو ممبر صوبائی اسمبلی مائیکل گوو نے اعتراف کیا کہ انہوں نے متعدد بار آئس نشہ استعمال کیا اور پہلی بار اُس وقت آئس نشہ کیا تھا جب وہ نوجوان صحافی تھے۔

 

جبکہ راری اسٹیورتھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے ایران دورے کے موقع پر ایک شادی کی تقریب میں منشیات استعمال کی، سیکریٹری خارجہ جیریمی ہنٹ، ڈومینک راب اور اینڈرا لیڈسوم نے بھی اعتراف کیا کہ ماضی میں ہم افیون کا استعمال کرچکے ہیں جبکہ وزیر داخلہ ساجد جاوید نے اس قسم کے کسی بھی نشے کے استعمال سے انکار کردیا تھا۔

 

ادھر برطانوی وزارت عظمیٰ کی دوڑ میں شامل سابق وزیر خارجہ بورس جانسن نے کہا کہ میں نے ان میں سے کئی چیزوں کا لطف اٹھایا ہے لیکن انہوں نے کوکین کے استعمال پر متضاد بیانات پیش کیے۔

خیال رہے کہ بورس جانسن اس سے قبل بی بی سی سے گفتگو میں 2005 میں دوستوں کے ساتھ ایک بار کوکین کے استعمال کا انکشاف کیا تھا لیکن پھر اگلے ہی لمحے انہوں نے اسے مذاق قرار دیا تھا۔

برطانوی اداکارہ پر کوکین استعمال کا الزام امریکہ سے ڈی پورٹ

 

 

بات فقط پارلیمنٹیرین کی ہی نہیں 19 جون کو برطانیہ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی جب اپنی سہیلی کے ہمراہ سیاحت کی غرض سے امریکا پہنچی تو ایئرپورٹ پر ہی اس کے فون میں ایک میسج دیکھ کر کسٹمز اہلکاروں نے اسے حراست میں لے لیا تھا۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے نے اس سلسلے میں رپورٹ کی تھی کہ 28 سالہ ازابیلا بریزیئر جونز نامی یہ لڑکی جو اداکرہ بھی ہے اپنی 26 سالہ دوست اولیویا کیورا کے ہمراہ لاس اینجلس ایئرپورٹ پر اتری تھی۔ جہاں کسٹمز حکام نے ازابیلا کا فون چیک کیا تو ایک میسج میں کوکین سے متعلق پیغام موجود تھا۔

 

امریکی کسٹمز حکام موبائل پیغام دیکھنے کے بعد برطانوی لڑکی کو علیحدہ کمرے میں لے جاکر واقعے کی تفتیش کی، تفتیش کے دوران لڑکی نے ماضی میں کوکین استعمال کرنے کا انکشاف کیا جس کے باعث حکام نے اسے گرفتار کرکے ایک روز کےلیے حوالات میں بند کردیا، میڈیا کا کہنا تھا کہ امریکی کسٹمز نے اگلے روز ازابیلا کو برطانیہ ڈی پورٹ کرکے 10 سال تک اس کے امریکہ میں داخلے پر بھی پابندی لگا دی۔

 

 

 

Share This Article

تازه ترین