امریکا کا ایرانی تیل خریدنے والے ممالک پر پابندی کا اعلان

 

 

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایران کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائن ہک نے کہا ہے کہ ایرانی خام تیل کی کسی بھی قسم کی برآمد پر پابندی عائد کریں گے، امریکا ایرانی خام تیل چین جانے کی رپورٹس کا بھی جائزہ لے گا۔

 

برائن ہک نے مزید کہا کہ اس وقت ایرانی تیل کے حوالے سے کوئی چھوٹ نہیں اور ہم ایرانی خام تیل کی ممنوعہ خریداری پر پابندی عائد کریں گے۔

 

امریکی نمائندہ خصوصی نے کہا کہ اپنی حکومت کو دوام بخشنے، فنڈز سے بیرونی مہم جوئی اور پابندیوں سے بچنے کے لیے فرنٹ کمپنیوں کا استعمال ایران کی تاریخ رہی ہے جب کہ ایران اپنے تیل کی برآمدگی کو چھپانے کے لیے سمندری قوانین کی عموماً خلاف ورزی کرتا ہے۔

 

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کو محدود کرنے کے معاہدے کو یک طرفہ طور پر منسوخ کرنے کے بعد سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

سعودی عرب عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی پوری کرنے کی کوشش کرے گا

 

 

دوسری جانب سعودی عرب نے باور کرایا ہے کہ وہ دنیا میں تیل پیدا کرنے والے بڑے ملک کی حیثیت سے عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی جاری رکھنےکی کوشش کرے گا تاکہ عالمی سطح پرپٹرولیم مصنوعات اور خام تیل کی ضروریات پوری کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔

 

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے مطابق ایران یا دوسرے ذرائع سے کسی بھی وجہ سے تیل کی سپلائی متاثر ہونے پرسعودی عرب عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی پوری کرنے کی کوشش کرتا رہے گا۔

 

سعودی ولی عہد اور کورین صدر کے درمیان ملاقات کے بعد مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ سعودیہ عالمی منڈی میں تیل کی کمی پوری کرنے کی اپنی ذمہ داری پوری کرے گا۔

 

غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سعودی ولی عہد کے دورہ جنوبی کوریا کے آخر میں دونوں ملکوں کے درمیان سعودیہ میں کورین کمپنیوں نے تجارتی بنیادوں پرجوہری توانائی پیدا کرنے کے منصوبے کا خیر مقدم کیا ہے۔

 

غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں نے دو طرفہ تعاون، پیداواری صلاحیتوں میں اضافے، افرادی قوت کی صلاحیت بڑھانے، تحقیق اور جوہری ترقی میں باہمی تعاون کا فیصلہ کیا گیا۔

 

 

 

Share This Article

تازه ترین