غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا نے بلوچ لبریشن آرمی کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا، جند اللہ کا نام بھی امریکی فہرست میں شامل کرلیا گیا، فہرست میں نام آنے پر دونوں تنظیمیں امریکا میں دہشت گرد تصور کی جائیں گی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق فہرست میں شامل دونوں تنظیموں کے اثاثہ جات بھی منجمد کیے جائیں گے، امریکی شہریوں کو ان تنظیموں سے کسی قسم کے لین دین پر پابندی ہوگی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق کالعدم بی ایل اے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے، بی ایل اے مسلح علیحدگی پسند گروپ ہے جوسیکیورٹی فورسزاورعام شہریوں کو نشانہ بناتا ہے۔
محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ بی ایل اے کی جانب سے گزشتہ سال پاکستان میں کئی دہشت گرد حملے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق بی ایل اے نے اگست 2018 میں بلوچستان میں چینی انجینئرز کو نشانہ بنایا، نومبر 2018 میں کراچی میں چینی قونصلیٹ پر حملہ کیا اور بی ایل اے نے مئی 2019 میں گوادر پر ایک ہوٹل پر حملہ کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور برطانیہ پہلے ہی بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں اور حکومت پاکستان اس سے قبل امریکا سے بی ایل اے کو دہشت گرد تنظیم قرار دینے کا مطالبہ کرچکی تھی۔
دفترخارجہ کا امریکی اقدام پر خیر مقدم
امریکہ کے اس اقدام کا پاکستان نے خیر مقدم کیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکا نے بی ایل اے کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا، پاکستان میں بی ایل اے 2006 سے کالعدم ہے، بی ایل اے نے حال ہی میں ملک میں کئی دہشت گرد حملے کیے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ امریکی اقدام کے بعد امید ہے بی ایل اے کے لیے زمین مزید تنگ ہوگی، ترجمان کا کہنا تھا کہ بی ایل اے کو بڑھاوا دینے والوں کو بھی انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔