برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صومالیہ کے ساحلی شہر کسمایو میں پورٹ پر واقع ہوٹل میں ایک خودکش بمبار بارود سے بھری گاڑی لے کر جاگھسا جب کہ ساتھ ہی مسلح شخص نے عمارت میں اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔
حکومتی ترجمان کے مطابق حملے کے وقت ہوٹل میں سیاستدان، تاجر اور غیر ملکی شہری بھی موجود تھے، ہلاک ہونے والوں میں کینیڈا کی خاتون صحافی ہودان نالایاہ، اُن کے شوہر جبکہ امریکا سمیت مختلف ممالک کے شہری بھی شامل ہیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ میں یہ بھی بتایا گیا کہ خود کش حملے کے نتیجے میں صدارتی امیدوار سمیت مقامی صحافی بھی مارے گئے ہیں۔
شدت پسند گروپ ’الشباب‘ نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جبکہ مقامی حکام کا کہنا ہےکہ حملے کے بعد 4 مسلح افراد کو مارا جاچکا ہے۔
میڈیا رپورٹس کےمطابق حملے کے وقت ہوٹل میں آئندہ انتخابات سے متعلق اجلاس جاری تھا جس میں مقامی سیاسی رہنما شریک تھے، عینی شاہدین کے مطابق ہوٹل کے اندر سے پہلے فائرنگ کی آوازیں آئیں جس کے بعد ایک کار بم دھماکے سے پھٹ گئی۔