صارفین کی سہولت اور عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے موبائل کمپنیوں کو فون کے بیلنس کارڈ پر اضافی ٹیکس وصولی سے روک دیا ہے اور موبائل فون کے کارڈ پر آپریشنل اور سروسز فیس کو فی الحال ختم کردیا گیا ہے۔
آپریشنل اور سروسز فیس روکے جانے کے بعد موبائل فون صارفین کے 100 روپے کا کارڈ لوڈ کرنے پر 12 روپے 9 پیسے کی کٹوتی نہیں ہوگی اور اس طرح صارفین 100روپے کے لوڈ پراب 88 روپے 9 پیسے کا بیلنس حاصل کریں گے۔
عدالتی حکم کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بھی تصدیق کی ہے کہ سپریم کورٹ نے موبائل کمپنیوں کو اضافی ٹیکس وصولی سے روکا تھا جس کے بعد کمپنیوں نے آپریشنل اور سروسز فیس کی صارفین سے وصولی روک دی گئی ہے، اب صارفین کو 100 روپے کے کارڈ پر 76.94 کی بجائے 88.9 روپے ملیں گے۔
پی ٹی اے حکام نے بتایا کہ کمپنیوں نے سپریم کورٹ کے احکامات پر موبائل کارڈز پر 7 سے 10 فیصد ٹیکسز کم کردیے ہیں، آپریشنل اور سروسز چارجز کی مد میں 12 روپے 9 پیسے کارڈ سے منہا نہیں کیے جارہے، اب آپریشنل اور سروسز فیس کمپنی کے اکاؤنٹ سے جائے گی، حکام کےمطابق موبائل فون سروسز پر ود ہولڈنگ ٹیکس 12.5 فیصد اور سیلز ٹیکس 19.5 ہے۔
واضح رہےکہ اس سے قبل بھی سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے دور میں سپریم کورٹ نے موبائل فون کے کارڈ پر حکومت کو ٹیکس کی وصولی سے روک دیا تھا اور 100 روپے کے لوڈ کرانے پر بغیر کسی کٹوتی کے پورے 100 کا ہی بیلنس آتا تھا تاہم چند ماہ بعد ہی عدالت نے اس حکم کو معطل کردیا تھا۔
سپریم کورٹ کے سابقہ حکم کے بعد جہاں صارفین کو پورا بیلنس مل رہا تھا وہیں موبائل فون کمپنیوں نے چالاکی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے تمام فون پیکجز کے ریٹ غیر محسوس انداز میں بڑھا دیئے تھے اس طرح انھیں مکمل بیلنس صارفین کو دینے کے بعد بھی کسی بڑے نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑا بعد میں عدالتی حکم کی معطلی پر دوبارہ ٹیکس وصولی تو شروع ہوگئی لیکن فون پیکجز پر بڑھائے گئے نرخ کمپنیوں نے واپس نہیں لیئے۔
صارفین اس دفعہ بھی خدشات کا شکار ہیں کہ عدالت عظمیٰ کے حکم کے تحت 100 روپے پر 88 کا بیلنس تو ملے گا لیکن کہیں دوبارہ موبائل فون کمپنیاں کال، ایس ایم ایس اور ڈیٹا چارجز نہ بڑھادیں، شہریوں نے عدالت سے اپیل کی ہے کہ وہ موبائل فون کمپنیوں کو پابند کریں کہ ٹیکس میں کمی کے بعد کمپنیاں 10 جولائی کے نرخ ہی برقرار رکھیں گی بصورت دیگر ٹیکس کٹوتی کا صارفین کو کوئی فائدہ نہیں ملے گا۔