گلگت سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا چھوٹا طیارہ گلگت ائیر پورٹ پر دوران لینڈنگ پھسل گیا تاہم پائلٹ نے کمال مہارت سے دوران لینڈنگ طیارے پر قابو پاتے ہوئے درجنوں مسافروں کی جان بچالی۔
حادثے کی تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے گلگت پہنچنے والی پرواز پرواز پی کے 605 لینڈنگ کے دوران گلگت ائیر پورٹ پر کچے پر پھسل گئی جس کے نتیجے میں طیارے کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے وقت طیارے میں تقریباً 40 مسافر سوار تھے، ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ طیارہ دائیں جانب ونگ کی وجہ سے مکمل طور پر نہیں گر سکا۔
پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ تمام مسافر خیریت سے اورمحفوظ ہیں، قومی ایئر لائن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ارشد ملک نے حادثے کی تحقیقات کی ہدایت دے دی ہیں جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اس سلسلے میں سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ کے ارکان اسلام آباد سے گلگت پہنچے ہیں جہاں وہ طیارے کے کپتان سے معلومات حاصل کریں گے ان کا طبی چیک اپ ہوگا جبکہ طیارے کا تیکنیکی معائنہ بھی کیا جائے گا۔
ایس آئی بی کے بعد پی آئی اے بھی اس واقعے کی تحقیقات کرے گی۔ پی آئی اے کی انجینئرز اور ٹیکنیکل ٹیم بھی گلگت روانہ ہوگئی ہے، دوسری جانب گلگت آنے والے مسافروں کو اسلام آباد لانے کے لیے پرواز روانہ کردی گئی ہے۔