عید قرباں کی آمد آمد ہے، مسلمان اس عظیم تہوار پرسنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کرتے ہیں لیکن اس موقع پرقربانی کے جانور کا خیال رکھنا بھی آپ کے فرائض میں شامل ہے،ا سے فراموش نہ کیجیئے گا۔
قربانی کے جانور چاہے وہ گائے ہو بکرا ہو یا دنبہ بھیڑ وغیرہ اسکے اگر آنسو نکل رہے ہیں تو اس کی ایک وجہ یہ ہوتی ہے کہ اپنے ریوڑ سے جدا ہونے پر جانور کے اندر ایک احساس بیدار ہوتا ہے جس سے اس کے آنسو نکل آتے ہیں اس لیئے منڈی سے جانور لانے کے بعد موسم کی مناسبت سے اسے نہلائیں یا صاف ستھرا کریں ور اس کے بعد دیکھیں کہ پھر بھی آنسو نکل رہے ہیں تو یقینا اس کی کچھ وجوہات ہیں جو آپ کو فوری طورپرمعلوم کرنا ہوں گی۔
- کہیں جانور کی رسی بہت زیادہ تنگ یا چبھنے والی تو نہیں جو اسے اذیت دے رہی ہو۔۔؟؟
- کہیں جانور کو ایسی جگہ تو نہیں باندھا گیا جہاں اسے کسی چیز سے خوف محسوس ہورہا ہو مثلا ، گاڑیوں کا شور، مخلتف قسم کی آوازیں، کسی دوسرے بڑے جانور کے نزدیک، کسی پھسلن کی جگہ،کیڑے مکوڑوں کے قریب۔۔۔؟؟
- کہیں جانور کے چارے میں کوئی ایسی چیز تو نہیں جو اس کے حلق میں اٹک کے اذیت دے رہی ہو۔۔؟؟
- کہیں ایسا تو نہیں کہ اسے بچے بے جا تنگ کررہے ہوں۔۔؟؟
- کہیں اس کو گاڑی میں اتارتے چڑھاتے کوئی چوٹ تو نہیں لگی۔۔؟؟

ان سب باتوں کو چیک کرنے کے ساتھ ہی اس کے آنسو صاف کریں اسے دوبارہ موسم کے گرم و سرد کے لحاظ سے نہلائیں یا صفائی کریں ، اور پھر 12 گھنٹے بعد چیک کریں اگر آنسو نکلنا بند نہیں ہو رہے ہیں تو آپ کو اسے فورا جانوروں کے ڈاکٹر کو دکھانا لازمی ہوگا کہ کہیں کوئی بیماری تو نہیں۔
خیال رہے بے زبان جانور کو اذیت دینا اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے نزدیک بدترین فعل اور ان کی ناراضگی کا سبب ہے۔
یہ بھی یاد رکھیں کہ اگر قربانی محض دنیا دکھاوے کو ہے تو جو مرضی چاہے کریں لیکن اگر قربِ الہٰی کیلئے ہے تو پھر قربانی کرنے والے ہر مسلمان پر لازم ہے کہ قربانی کے جانور کے اوصاف، اور قربانی کی اسلامی شرائط کے حوالے سے بھی مکمل آگاہی حاصل کرے اور قربانی کے جانور کے گوشت کی تقسیم بھی احکامِ شریعت کے مطابق کی جائے۔