"نادان دوست سے دانا دشمن بہتر ہوتا ہے” یہ کہاوت بہت پرانی بھی ہے اور بالکل سچ بھی کیونکہ اگر دشمن دانا اور عقلمند ہے تو نہ ہی وہ اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرے گا نہ جنگی اصولوں کی خلاف ورزی کرے گا بلکہ اپنے عقلمند حربوں سے مخالف کو بھی مجبور کرے گا کہ وہ دانائی کے فیصلے کرے، لیکن اگر دشمن ہو اور وہ بھی نادان تو مخالف فریق کو کچھ کرنے کی ضرورت ہی نہیں پیش آتی وہ نادان دشمن خود ہی اپنے قول و فعل سے اپنا نقصان کرتا اور مخالف کو فائدہ پہنچاتا رہتا ہے، شاید مریم نواز بھی خود کو نادان دشمن ثابت کروانے پر بضد ہیں۔
ہوا کچھ یوں کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے مکمل خبر پڑھے بغیر اپنی ہی حکومت کو نااہل اور نالائق قرار دے دیا۔ اور پی ٹی آئی حکومت کو نااہل ثابت کرنے کے چکر میں جلد بازی میں ٹوئٹ بھی کردی مریم نواز نے خبر کی صرف ہیڈ لائن دیکھی لیکن نہ خبر کی تفصیل پڑھنے کی زحمت کی نہ ہی اس کی اشاعت کی تاریخ دیکھی، نتیجے میں خود کا مذاق بنوابیٹھیں۔ مریم نوازنے ن لیگ کے دورکی ورلڈ بینک کی ایک رپورٹ ٹویٹ کی جس میں بتایا گیا تھا کہ حکومت بجٹ کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی، اس ہیڈ لائن کو پڑھ کر انھوں نے خبر کی تصویر کے ساتھ یہ جملہ لکھا کہ ’یہ نالائقوں اور نااہلوں کی اصل کارکردگی ہے۔‘

مزے کی بات یہ ہے کہ نہ ہی کسی لیگی رہنما اور نہ ہی مریم نواز کے میڈیااسیل کے کسی کارکن نے اس ٹوئٹ اور اس کے مندرجات کو دیکھنے کی زحمت گوارا کی کہ غلطی کی نشاندہی کی جاتی ، اس دوران ہزاروں لوگوں نے ٹوئٹ دیکھی اس پر کمنٹس کیئے اور اسکے اسکرین شاٹس بھی لے لیئے اور پھر 4 گھنٹے بعد مریم نواز نے غلطی کا احساس ہونےپراپنی ٹویٹ ڈیلیٹ اور اس کے بعد کس کس کی کلاس لی گئی یہ خبریں ابھی باہر آنا باقی ہیں۔
دوسری جانب حکومتی سینیٹرفیصل جاوید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کے ٹوئٹ کے درعمل میں کہا شاباش مریم نواز! لیگی حکومت کی نااہلی بے نقاب کرنے پر آپ تحسین کی مستحق ہیں۔فیصل جاوید کا کہنا تھا مریم بی بی! ملکی تاریخ کی بدترین کارکردگی بےنقاب کرتی رہیں، سچ بولنے کے لئے یقیناً حوصلہ درکار ہوتا ہے، مریم بی بی آپ نے شاندار کارنامہ کیا، سلام پیش کرتے ہیں۔
مریم نواز کی ٹوئٹ میں منسلک رپورٹ میں واضح طورمسلم لیگ ن کے دور کا ذکرہے، جب نواز شریف وزیراعظم کے عہدے پر تھے اور یہی وہ وقت کا تھا جس کی نشاندہی ورلڈ بینک نے دو ہزار پندرہ ، سولہ اور سترہ، اٹھارہ کی رپورٹ میں کی تھی لیکن جلد بازی میں مریم نواز نے اپنے ہی والد کی حکومت کو نالائقوں اورنااہلوں کی حکومت قرار دےدیا۔عالمی بینک نے ان رپورٹس میں اس ہی دور کے زیادہ تر شعبوں کی انتہائی خراب کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا تھا، عالمی بینک نے یہ جائزہ یورپی یونین کےساتھ مل کرپیش کیا تھا۔