کراچی میں مون سون کی پہلی بارش سے ہی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں اور کے الیکٹرک کے سینکڑوں فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے ہی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش کے باعث موسم سہانا ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کلفٹن، ڈیفنس، میٹھادر، کھارادر، ٹاور، صدر، گلشن اقبال، شاہراہ فیصل، یونیورسٹی روڈ، ڈاک خانہ، ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا سمیت اطراف میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا
شہر میں گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش ائیرپورٹ کے علاقے میں ریکارڈ کی گئی۔ اس کے علاوہ ملیر، ماڈل کالونی، حسن اسکوائر، نیپا چورنگی، پرانی سبزی منڈی، جیل چورنگی اور صدر میں بھی رم جھم کا سلسلہ جاری ہے،محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں صبح سویرے 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ہوا میں نمی کا تناسب 79 فیصد اور 26 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔
شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے جب کہ شارع فیصل پر بارش کا پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے،کے الیکٹرک کی انتظامیہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے اور جلد متاثرہ علاقوں کی بجلی بحال کر دی جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں بارش کا سلسلہ منگل تک جاری رہنے کا امکان ہے۔