حکومت سندھ کا کراچی سمیت صوبے میں 8 نئی جیلیں بنانے کا منصوبہ

 

اس منصوبے کے حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات نصرت منگن کا کہنا ہے کہ سندھ بھر کی جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی موجود ہیں جس کی وجہ سے صوبے میں 8 نئی جیلیں بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

 

آئی جی نصرت منگن کا کہنا ہے کہ کراچی، حیدرآباد، ٹھٹہ، نوابشاہ، میرپورخاص اور مٹھی میں نئی جیلیں بنائی جائیں گی،انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے کراچی شرقی اور غربی میں نئی جیلیں بنانے کی منظوری دی ہے اور کراچی میں نئی جیل کا کام 65 فیصد مکمل ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قمبر شہدادکوٹ میں بھی دو نئی جیلیں بنائی جائیں گی اور پرانی جیلوں میں موجود اضافی قیدیوں کو نئی جیلوں میں منتقل کیا جائے گا،آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ سندھ کے تمام ڈویژن میں خواتین اور بچہ جیل بنانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات نے کہا کہ نوابشاہ اور میرپور خاص میں بچہ اور خواتین جیل جلد کھول دی جائیں گی، نئے قانون کے تحت بی اور سی کلاس کے قیدیوں کے لیے ایک جیسی سہولیات ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ سندھ میں بچہ اور خواتین جیلوں میں قیدیوں کو چارپائی دی گئی ہیں، دیگر جیلوں کے قیدیوں کو بھی چارپائی کی سہولت دینے پر کام جاری ہے۔

آئی جیل خانہ جات نے کہا کہ سندھ حکومت قیدیوں کا ڈیٹا نادرا سے منسلک کرنے پر غور کر رہی ہے سندھ اور وفاق نے رہا ہونے والے قیدیوں پر نظررکھنےکا فیصلہ کیا ہے، تاکہ ان کی کسی اور مجرمانہ سرگرمیوں پر فوری انھیں قانون کے شکنجے میں لیا جاسکے۔

سندھ میں جیلوں کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی تھی تاہم اس سے قبل پہلے سے موجود جیلوں میں سہولیات کی فراہمی، قیدیوں کی تربیت اور جیل کے عملے کے ھوالے سے اقدامات لازمی ہیں جن پر کوئی بات نہیں کی گئی جبکہ یہ پہلا موقع ہے کہ اتنے بڑے منصوبے کا اعلان صوبائی حکومت یا متعلقہ وزیر کے بجائے آئی جی جیل خانہ جات کی جانب سے کیا جارہا ہے جنھوں نے یہ بھی نہیں بتایا کہ منصوبے پر کتنی لاگت آئے گی اور یہ پراجیکٹ کب تک مکمل کیئے جائیں گے۔

 

Share This Article