کراچی میں عید قرباں کے موقع پر 9 سے 11 اگست کے درمیان تیز بارش کا امکان ، چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ خلیج بنگال میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم بن گیاہے، سسٹم کے تحت بالائی سندھ میں تیز بارشیں ہوں گی، سسٹم کے پنجاب جانے کے امکانات نہیں ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم 9 اگست کی رات سے ہی تبدیل ہونا شروع ہوجائے گا جس کے بعد بارش کاامکان ہے ، تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوگا جو 13 اگست تک جاری رہے گا۔ جبکہ اس کے اثرات اندرون سندھ تک جا سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ خلیج بنگال کے شمال میں ہوا کا کم دباؤ بن گیا ہے جو مغرب کی جانب جاسکتا ہے اور 8 اگست تک ہوا کا کم دباؤ بھارتی راجستھان میں پہنچ سکتا ہے جس سے سندھ سمیت کراچی میں تیز بارش کا امکان ہے جبکہ مغربی اور مشرقی ہواؤں کا ملاپ اچھی بارش تشکیل دے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کے مطابق کراچی، میرپورخاص، ٹھٹھہ، شہید بے نظیرآباد، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے، جب کہ بلوچستان کے اضلاع ژوب،قلات،نصیرآباد،مکران میں بھی بارشیں ہونے کا امکان ہے، تیز بارشوں کی وجہ سے شہر میں نچلے درجے کے سیلاب اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، لہذاٰ متعلقہ ادارے بارش سے نمٹنے کے انتظامات کو ممکن بنائیں۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کی پہیشگوئی کے باوجود سندھ حکومت یا بلدیاتی اداروں کی جانب سے بارش سے قبل ہنگامی اقدامات کی کوئی اطلاعات نہیں ہیں اور اگر بارش ہوتی ہے تو اس کے بعد آنے والی عید اور قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانے سے بارش کے پانی کی نکاسی تک کے دوہرے مسائل شہریوں کیلئے سخت اذیت کا باعث بن سکتے ہیں۔