چین نے بھارت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے تناظر میں آرٹیکل 370 کا خاتمہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اپنی خود مختاری کے لیے خطرہ قرار دےدیا اور کہا ہے کہ بھارت ایسے اقدامات سے گریز کرے جو سرحدی مسائل مزید پیچیدہ کرنے کا سبب بنیں۔
چین کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ ہم پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ متعلقہ مسئلے کو بات چیت سے پر امن طور پر حل کریں۔ انھوں نے واضح طور پر کہا کہ بھارت کی جانب سے مقامی قوانین پر یک طرفہ نظر ثانی چین کی علاقائی خود مختاری کو کم زور کر رہی ہے، جو ناقابل قبول ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کے اقدامات مؤثر نہیں ہو سکیں گے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کو کشمیر کی موجودہ صورت حال پر سخت تشویش ہے، بھارت نے لداخ کے معاملے پر چین کی سالمیت کی خلاف ورزی کی، بھارت کی جانب سے لداخ کو وفاقی علاقہ قرار دینے کا فیصلہ نہیں مانتے۔ ترجمان نے کہا کہ کشمیر پر چین کی پوزیشن بہت واضح اور مستقل ہے، یہ مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تاریخ کی میراث ہے، جس پر عالمی برادری کا اتفاق رائے ہے۔