پی سی بی نے قومی ٹیم کا کوچنگ اسٹاف تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی بھی چھٹی ہو جائے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کرکٹ کمیٹی کی سفارشات تسلیم کرتے ہوئے کوچنگ اسٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔چاروں عہدوں کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد اشتہار دے گا،قومی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں شامل فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور فزیو کلائیو ڈیکن کے معاہدوں کی مدت ختم نہیں ہوئی، وہ خدمات جاری رکھیں گے.
چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ کرکٹ کمیٹی نے نئے کوچنگ اسٹاف کے لیے مکمل اتفاق کیا ہے اور کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لینے والی کمیٹی تجربہ کار لوگوں پر مشتمل ہے۔ احسان مانی نے تمام کوچز کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کے لیے فیصلے کرتے رہیں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کو چ مکی آرتھر نے پی سی بی کی جانب سے عہدے سے ہٹانے پر بیان جاری کر دیاہے جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے سے دکھ ہوا اور اب ٹوٹے ہوئے دل کے ساتھ واپس جاﺅں گا ۔ ان کا کہناتھا کہ دل سے کوچنگ کی اور اچھے نتائج بھی حاصل کیے ۔یاد رہے کہ کچھ دیر قبل ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ہیڈ کوچ مکی آرتھر ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور ، باولنگ کوچ اظہر محمود اور ٹرینر گرانٹ لوڈن کو فارغ کرنے کا حتمی اعلان سامنے آیا ہے اور کہاہے کہ نئے سٹاف کی تعیناتی سے متعلق جلدہی اشتہار دیا جائے گا ۔
یاد رے کہ ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی اوسط درجے کی کارکردگی کے بعد پی سی بی نے کرکٹ کمیٹی کو ذمہ داری سونپی کہ وہ کارکردگی کا جائزہ لے۔