شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سمجھوتہ ایکسپریس کل بند کی تھی آج تھر ایکسپریس بھی بندکرنےکافیصلہ کیاہے، تھرایکسپریس میرپورخاص سے زیروپوائنٹ تک چلتی تھی، کھوکھراپارموناباؤ کے درمیان چلنے والی تھر ایکسپریس کو بند کردیاگیا ہے، اوڑی سےلیکرچکوڑی تک میں خود دورہ کروں گا۔ جبکہ وفاقی کابینہ نے دونوں ٹرینوں کی بندش کی توثیق کرنے کے ساتھ ہی پاک بھارت دوستی بس سروس بھی بند کرنے کا اعلان کردیا ہے اس طرح بھارت سے تمام زمینی رابطے منقطع ہوچکے ہیں۔
وزیر ریلوے نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جب تک میں وزیرہوں سمجھوتہ ایکسپریس اورتھرایکسپریس نہیں چلے گی، سمجھوتہ ایکسپریس بندکرنےکی اجازت وزیراعظم نےدی، وزیراعظم کی اجازت کےبغیرخودسےکیسےفیصلہ کرسکتاہوں۔کچھ لوگوں کودوسروں کی وزارتوں میں منہ مارنےکی عادت ہوتی ہے، ایسےلوگوں سےمتعلق وزیراعظم عمران خان سے بات کروں گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ میں پاکستان کاسینئرترین پارلیمنٹیرین ہوں، میراکام نہیں لائیوشومیں فوادچوہدری پرگفتگوکروں ، چوہدری شوگر مل تمام شریف فیملی کوشوگر لگا دےگی، لال حویلی کالال چوک سرینگر سے خون کارشتہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کشمیری بہترین قوم ہیں انہیں ہلکانہ لیں، مودی نے اپنا کام کردیا، اب کشمیری اپنافیصلہ کرکےدکھائیں گے، کشمیری ایسا کام کرکے دکھائیں پوری دنیا ان کی تعریف کرےگی۔
وزیرریلوےشیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کونسل نےکشمیرسےمتعلق زبردست بیان دیا،بھارت کی جانب سے سلامتی کونسل کی قراردادکا مذاق اڑایاگیاہے، نتیجے میں برصغیرکےدوممالک آمنے سامنے کھڑے ہوگئے ہیں۔ وزیرریلوےنےکہا ہم جنگ نہیں چاہتے،جنگ قوموں کوپیچھےلےجاتی ہے، جوشخص کشمیریوں کاساتھ نہیں دے گا وہ غدارہے،اسکی سیاست کوعوام دفن کردیں گے، وزیر خارجہ چین میں ہیں ان کے ساتھ ہمارےبہترین تعلقات ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 133 کلومیٹرکانیاٹریک مجھ سے پہلےڈالاگیا تھا، اس ٹریک کوبھی ہم تھرکول کیلئےاستعمال کریں گے،تھرکول پرپی سی ون بنا رہےہیں،تھر ایکسپریس کوتھرکول پروجیکٹ کی جانب لے جائیں گے۔
شیخ رشید نے کہا اس سے پہلے جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے خوش آئند ہیں، ایم ایل ون 1800 کلومیٹر کا نیا ٹریک معاشی زندگی بدل دےگا، 24 یا 25 تاریخ کو قوم کے سامنے پاکستان ریلوے پیش ہوگی، ایم ایل ون سے حادثات ختم ہوں گے اور لاہور سے کراچی 7گھنٹے کا سفر ہوگا، جس دن عمران خان یا آرمی چیف چاہیں گے ، پاکستان ریلوے اپنے پاؤں پر کھڑی ہوجائےگی۔ گزشتہ سال کے مقابلے12ارب روپےکامنافع حاصل کیا، اللہ کو منظور ہوا تو تمام لیبرکالونیاں بنوائیں گے، تمام فنڈنگ چین کرے گا، موڈآف انویسٹمنٹ دیکھیں کیاہوتی ہے۔