قومی فضائی کمپنی پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن سمیت تمام نجی ائیرلائنز نے اپنے کرائے امریکی ڈالرز میں مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی آئی اے کے شعبہ مارکیٹنگ کے ایک مراسلے کے مطابق پی آئی اے کے اندرون ملک اور بین الاقوامی پروازوں کے کرائے، جرمانے اور ٹیکس اب امریکی ڈالرز میں مقرر کیے جائیں گے۔
یعنی جس روزمسافرٹکٹ خریدنےجائے گا یا آن لائن ٹکٹ خریدے گا، اس روز مارکیٹ میں ڈالرکےمقابلے میں روپے کی شرح تبادلہ کےمطابق اس سے پاکستانی روپوں میں کرایہ وصول کیا جائے گا۔ اس طرح پی آئی اے اور تمام نجی ائیرلائنز کے ٹکٹوں کی شرح پاکستانی روپوں میں مستحکم نہیں رہی بلکہ جوں جوں روپے کی قدر کم ہوتی جائے گی، اسی تناسب سے فضائی کمپنیوں کے کرائے کی شرح ازخود بڑھ جائے گی۔
پی آئی اے کےمراسلے کے مطابق 12 اگست سےکرائے کوڈالرکی شرح میں وصول کرنا شروع کردیا جائے گا جبکہ کھاتوں میں اس کا اندراج امریکی ڈالرز میں ہوگا۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پاکستانی ائیرلائنز نے یہ اقدام ائیرلائنز کی بین الاقوامی تنظیم آیاٹا کی ہدایت پرکیا ہے تاہم دوسرے ذرائع اس اقدام کو پاکستانی معیشت پر اظہارعدم اعتماد قرار دیتے ہیں۔
پی آئی اے ترجمان کا مؤقف ہے اس سے مسافروں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں ہوگا،انہیں ادائیگی پاکستانی روپے میں ہی کرنا ہوگی،دوسری جانب مقامی ٹریول ایجنٹس کا کہنا ہےکہ انٹرنیشنل ائیرٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے اس اقدام سے پاکستان میں فضائی کرائے مہنگے ہو جائیں گے۔