چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی فخر امام نے کہا ہے کہ بھارت نے انتہا پسندانہ اقدام سے خطے کا امن داؤ پر لگادیا، پاکستان ٹرمپ سمیت پی فائیو ممالک سے بات کرے گا، وزیراعظم بھی مقبوضہ کشمیرکیلئے بیرون ممالک کے دورے کریں گے۔
چیئرمین پارلیمانی کشمیرکمیٹی نے اپنی ایک گفتگو میں کہا کہ امریکاکی بھارت اور پاکستان کی چین کےساتھ سٹریٹیجک پارٹنرشپ ہے،دیکھنا ہے کہ اقوام متحدہ کیا کردار ادا کرتا ہے،سید فخرامام نے کہا کہ آرٹیکل370 کو آج بھی نہیں مانتے لیکن آج اس سے کشمیری متاثرہورہے ہیں،انہوں نے کہا کہ نیب آزاد ادارہ جس نے حکومت کے لوگوں کو بھی گرفتار کیا ہے،سیاسی جماعتوں میں ہربات پر اختلاف ہوسکتا ہے کشمیر پر نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے لائن آف کنٹرول پر جاکر پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑنے کا اعلان کیا ہے،علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ وہ کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے حق کیلئے کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کیلئے خون کا پہلا قطرہ میرا گرے گا، پورا ملک کشمیری بھائیوں کیلئے لڑنے کو تیار ہے اور اگر ایسی صورتحال ہوئی تو لائن آف کنٹرول پر جاکر پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑوں گا