ضلع کونسل ہال ننکانہ صاحب میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ اعجازاحمد شاہ نے کہا ہےکہ اکھنڈ بھارت کا نعرہ صرف ہندوؤں کے لئے لگایا جا تا ہے، بھارت میں ہٹلر طرز کی حکومت ہے جبکہ تقریب میں سکھ، مسیحی اور ہندو رہنماؤں سمیت شہریوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی افواج کے مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں, بھارت میں سکھوں، مسلمانوں اور مسیحیوں کے ساتھ ہمیشہ سے امتیازی سلوک روا رکھا جا رہا ہے،قیام پاکستان اور ملکی ترقی میں اقلیتوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان اقلیتوں کے لئے کسی جنت سے کم نہیں ہے۔ پاکستان پیار، امن اور مساوات کا درس دینے والے بابا گورو نانک کی دھرتی ہے جن کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو اس دنیا کو امن کا گہوارا بنایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب اقلیتوں کے عالمی دن پر اپنے خصوصی پیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہےکہ پاکستان کی اکثریت اپنے غیر مسلم پاکستانیوں کی محافظ ہے، 1973 کا دوستوں اقلیتوں کے حقوق کی ٹھوس ضمانت ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ سفید رنگ کے بغیر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم مکمل نہیں، پاکستان کی اکثریت اقلیتی برادری کے حقوق کی حفاظت کو قومی فریضہ سمجھ کر اسے ادا کرتی ہے۔
اپنے پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں محفوظ ہیں، ہمارے ملک میں تمام اقلیتوں کو مکمل مذہبی اور شخصی آزادی اور یکساں حقوق دیے گئے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ آئین پاکستان کے مطابق اقلیتوں سے کسی صورت بھی امتیازی سلوک نہیں رکھا جاسکتا۔