وزیراعظم آزاد کشمیر جائیں گے
وزیراعظم عمران خان یوم آزادی کا دن کشمیریوں کیساتھ گزاریں گے، وفاقی وزرا بھی ان کے ہمراہ ہوں گے مظفر آباد میں وزیراعظم کو گارڈ آف آنر دیا جائے گا جبکہ وہ قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر کے اجلاس سے خطاب بھی کریں گے قانون سازاسمبلی آزاد کشمیر میں پاکستان و آزاد کشمیر کے ترانے بجائے جائیں گے۔
کوئی مٹھائی نہیں
پاکستان نے مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم آزادی پر پاک بھارت سرحد پر روایتی مٹھائی کا تبادلہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، مٹھائی نہ دینے کا فیصلہ بھارت کے مقبوضہ وادی میں کشمیریوں سے ظلم و زیادتی کے تناظر میں کیا گیا، عید، یوم آزادی اور دیگر تہواروں پر بارڈراور پوسٹوں پر مٹھائی کا تبادلہ ہوتا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ 14 اگست یومِ یکجتی کشمیر کے طور پر منایا جائے گا، بھارتی مقبوضہ کشمیر کے معاملے کو وہاں تک نہ لے کر جائے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو،صوابی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں دنیا کو پیغام دیں کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور انہیں کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ اور مشکل وقت میں آوازبنےگی، بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے میں نے دنیا بھر کے اسپیکرز کے ساتھ رابطےشروع کردیے ہیں۔
بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج
پاکستان نے 15 اگست کو بھارتی یوم آزادی کو بطور یوم سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے دنیا بھر میں بھارتی ہائی کمیشن کے باہراحتجاج کی کال دی گئی ہے، اس حوالے سے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ بیرون ملک پاکستانی اس کال پرکشمیریوں کی آواز بنیں اور جس ملک میں ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں اورکشمیریوں کی آوازبنیں۔ زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی دنیا کے جس ملک میں ہوں بھارتی ہائی کمیشن پہنچیں، کسی بھی ملک یامذہب سےتعلق ہو یوم سیاہ کے احتجاج میں شرکت کریں، میں خود بھی سینٹرل لندن میں کشمیریوں کے حق میں احتجاج میں شرکت کروں گا۔
سندھ میں کشمیر ریلی
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نےکہا ہےکہ مسئلہ کشمیر کےحوالے سے ہم سب متحد ہیں اور آپسی رنجشیں بھلا کر دنیا کو پیغام دیں گے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہم 14اگست کا دن کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کےطورپرمنائیں گے اوریوم آزادی پرسندھ حکومت کی جانب سےریلی نکالی جائےگی۔