وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے یوم آزادی کے پُرمسرت موقع پر اندرون و بیرون ملک بسنے والے تمام پاکستانیوں کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ 14 اگست ہماری ملی تاریخ کا وہ سنہرا دن ہے جو ہمیں اِن لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے اپنے مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے تحفظ کے لیے پیش کیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ بھارتی اقدامات سے ہمارے آباؤ اجداد کے دو قومی نظریے کو مزید تقویت ملی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دن ہمیں اُن مقاصد کی بھی یاد دلاتا ہے جن کے حصول کے لیے ایک آزاد خود مختار مسلم ریاست کا قیام عمل میں آیا۔انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں پاکستان کو اقوام عالم میں باوقار ریاست بنانے کا جذبہ و امنگ دیتا ہے۔
انہوں نےکہا کہ وہ اپنے کشمیری بھائیوں کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان مقبوضہ جموں وکشمیرکےبہادر عوام کی حق خودارادیت کےحصول کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم نےکہا کہ اللہ تعالیٰ وطن عزیز کو ریاستِ مدینہ کی طرز پر ڈھالنے، قائداعظم اور علامہ اقبال کے تصور کو حقیقت میں بدلنے اور اقوام عالم میں ملک و قوم کو اس کا صحیح مقام دلانے میں ہمارا حامی و ناصر ہو۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ ہمارے عظیم قائد محمد علی جناح کے پیش نظر ایک ایسے ترقی پسند پاکستان کا تصور تھا جہاں اسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق زندگی بسر کی جا سکے، جہاں قانون کی حکمرانی، جمہوری اصولوں کی بالادستی اور ریاست و عوام کے درمیان احساس کا مضبوط بندھن ہو، اسی فلاحی اسلامی ریاست کے حصول میں ہمارے لیے قابل تقلید نمونہ ریاستِ مدینہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ نعمتوں اور وسائل سے نوازا ہے، آج ہمارے سامنے ایک روشن مستقبل ہے، قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے رہنما اصولوں کو مشعل راہ بنا کر ملک کو درپیش ہر چیلنج اور مشکلات پر قابو پایا جا سکتا ہے۔آج کے دن ہم سب مل کر اس عزم کا اعادہ کریں کہ پاکستان کو ترقی یافتہ اور خوشحال مملکت بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وزیراعظم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ان کی اپنے مادر وطن کے عظیم تر مفاد میں مربوط کوششوں کے ذریعے ہم ان پر فخر کریں گے۔انہوں نےکہا کہ وہ یوم آزادی کے اس پُرمسرت موقع پر وطن عزیز کے ان دلیر سپوتوں کو بھی خراج عقیدت پیش کرتےہیں جنہوں نے بےشمارقربانیوں اور اپنےلہوکا نذرانہ دےکرملک کی نظریاتی اور جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کی اور ملکی سالمیت و خود مختاری کا علم بلند رکھا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ یوم آزادی انتہائی خوشی کا موقع ہے مگر آج کے دن ہم مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے کشمیری بھائیوں کی حالت زار پر افسردہ ہیں جو بھارتی ظلم و جبر اور ریاستی دہشت گردی کا شکار ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم اور نہتے عوام پر بھارت کے سنگین مظالم نے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیر دی ہیں، انسانیت کی تضحیک کی تمام حدوں کو پار کر لیا ہے اور خطہ کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔