وزیراعظم پاکستان عمران خان نے پاک فوج کے موجودہ سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کو مزید 3 سال کے لیے آرمی چیف مقرر کر دیا ہے، ان کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے توسیع کا اطلاق ان کی موجودہ ملازمت کی تکمیل کے اگلے روز یعنی 30 نومبر 2019 سے ہوگا۔
وزیراعظم ہاؤس کے مطابق وزیراعظم نے یہ فیصلہ ملک اور خطے میں جاری امن کی کوششوں کے تسلسل اور مسئلہ کشمیر پر پاک بھارت سخت کشیدگی کے تناظر میں کیا ہے، جنرل قمر جاوید باجوہ کو 29 نومبر 2016 میں صدر ممنون حسین کی تجویز پر اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے سبکدوش ہونے والے جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت کے خاتمے پر تین سال کے لیے آرمی چیف مقرر کیا تھا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے 24 اکتوبر 1980 میں پاک فوج میں کمیشنڈ حاصل کرتے ہوئے تربیت کی تکمیل پر 16 بلوچ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی، وہ کینیڈین فورسز کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج (ٹورنٹو)، نیول پوسٹ گریجویٹ یونیورسٹی مونٹیری (کیلی فورنیا)، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔
جنرل قمر جاوید باجوہ 3 مارچ 1972 سے آرمی چیف عہدے کے قیام کے بعد سے پاک فوج کے 10 ویں چیف آف آرمی اسٹاف ہیں، جبکہ فوج کی تاریخ میں جنرل ایوب خان، جنرل ضیاء الحق، جنرل پرویز مشرف اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کے بعد چوتھے سربراہ ہیں جو اپنی مقررہ مدت ملازمت 3 برس سے زائد اس عہدے پر تعینات رہیں گے۔ تاہم ان فوجی سربراہان میں سے صرف جنرل اشفاق پرویز کیانی واحد چیف تھے جنھیں پیپلز پارٹی کی حکومت نے 3 سال کی توسیع دی تھی۔