پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ ملک بھر میں غیر رجسٹرڈ موبائل فونز 31 اگست 2019 کو بند کردیئے جائیں گے اگر ان کے آئی ای ایم آئی نمبرز کو رجسٹرڈ نہیں کروایا گیا پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک سے زیادہ سم / آئی ایم ای آئی سلاٹس رکھنے والے تمام موبائل فون صارفین پر لازم ہے کہ جن کے موبائل کی ایک آئی ایم ای آئی سلاٹ تو رجسٹرہے لیکن دوسری سلاٹ رجسٹر نہیں ہے وہ 31 اگست 2019 سے پہلے رجسٹریشن کروا لیں۔
رجسٹریشن کا طریقہ کار
پی ٹی اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ موبائل ڈیوائس کی دوسری آئی ایم ای آئی رجسٹریشن کرانے کیلئے صارف اپنے فون میں پروگرامڈ تمام آئی ایم ای آئی نمبرز کا سکرین شاٹ ، ڈیوائس باکس جس پر تمام آئی ایم ای آئی واضح ہوں کا سکرین شاٹ، قومی شناختی کارڈ کی کاپی اوردرخواست کنندہ سے رابطے کی تفصیلات typeapproval@pta.gov.pk پر ای میل کردیں پی ٹی اے کی جانب سے صرف ایسی ہی تمام درخواستوں کا جائزہ لیا جائے گا اور صرف توثیق شدہ کیسز ہی رجسٹر کیے جائیں گے۔
پی ٹی اے کے مطابق 30 اگست 2019 کے بعد ایسی سم سلاٹس کی رجسٹر یشن نہیں کی جائےگی، اس لیئے تاخیر نہ کریں اور اپنے موبائل ڈیوائس کی آئی ایم ای آئی نمبر جاننے کے لئے *#06# ڈائل کریں اور 15 ہندسوں کا آئی ایم ای آئی نمبر 8484پر ایس ایم ایس کریں، جس سے یہ معلوم ہوجائے گا کہ آپ کی ڈیوائس یا فون کے دونوں سلاٹ رجسٹرڈ ہیں یا نہیں، اور اگر رجسٹرڈ نہین ہیں تو اس کی تفصیل درج ہدایات کے تحت فوری ای میل کردیں۔
پی ٹی اے کےڈائریکٹر ٹائپ اپروول نعمان خالد کے مطابق یہ کوئی نیا معاملہ نہیں ہے بلکہ 15 جنوری کےبعد سے پی ٹی اے کا سسٹم دو سموں والےفون خود کارطریقے سے رجسٹر کررہا ہے،تاہم اس سے پہلے سے زیر استعمال وہ تمام فون جن میں دو آئی ایم ای آئی نمبر ز یا ڈوئل سم کی جگہ ہے اور انہوں نے ایک آئی ایم ای آئی رجسٹر کروا رکھا ہے تو وہ دوسرا بھی لازمی کروالیں ، بصورت دیگر 30 اگست کے بعد دوسرا سلاٹ کار آمد نہیں رہے گا، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی اے نے اخبارات اور ٹی وی کے ذریعے عوام کو مطلع کردیا ہے اور ای میل کے ذریعے اپنا آئی ایم ای آئی نمبر رجسٹر کروالیں۔