صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد میں کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر مسعود خان نے کہا ہےکہ بھارت نے آزادی کی تڑپ کو دبانےکی کوشش کی ہے،مودی شکریہ تم نےساری دنیا کی توجہ مقبوضہ کشمیر پر مبذول کرادی۔صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر میں تازہ حملہ کیا، پاکستانی قوم نے کشمیر کا جھنڈا اپنے دل سے لگایا ہے، بھارت نے نہتے کشمیریوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست سے پہلے ایک لاکھ 80 ہزار مزید فوج کشمیر میں بھیجی، بھارت نےپورے کشمیر کا محاصرہ کیا ہوا ہے،مقبوضہ کشمیر کواندھیرےکی چادرمیں لپیٹ دیا گیا ہے،مسعود خان نے کہا کہ بھارت نے انتہاپسندانہ اقدام کرکے کشمیریوں کی غیرت کو للکارا ہے، ہم بھارت کو اس کا جواب ضرور دیں گے۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بزدل فوج گھروں پر حملے کرتی ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام دنیا کی بہادر اور نہتی قوم ہے، متعصب بھارتی حکمرانوں کے عزائم خاک میں ملانے کے لیے پرعزم ہیں۔مسعود خان نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے بیان پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سن لو، آزاد کشمیر، گلگلت بلتستان جنگ سے آزاد کرایا ہے، آزاد کشمیر کی بات کی تو یہاں تمہارے فوجیوں کا قبرستان بنائیں گے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر
دوسری جانب وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے امریکن پاکستان پبلک افیئرز کمیٹی کے ارکان سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نے 80 لاکھ سے زائد کشمیریوں کو محصور کررکھا ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ 18 دن سے کرفیو نافذ ہے، کشمیر انسانی جیل میں تبدیل ہوچکا ہے، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی کی حکمت عملی پر عمل پیرا ہے۔راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت تبدیل کرنا چاہتا ہے، مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام نے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کردیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں اس وقت انتہا پسندوں کی حکومت ہے، بھارت کنٹرول لائن پر مسلسل گولہ باری کررہا ہے، بھارتی فوج بچوں اور بوڑھوں کو نشانہ بنارہی ہے،راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی و کشمیری بہادر کشمیریوں کے سفیر بنیں، امریکا مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورت حال پر توجہ دے۔