نریندر مودی کا بُرا وقت شروع ہوا چاہتا ہے۔۔۔!!  

 

یہ وہ الفاظ ہیں جو اسلام آباد میں منعقدہ ریلی میں شریک ایک 70 سالہ ضعیف العمر کشمیری نے برملا ادا کیئے، ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا وقت قریب آچکا ہے جس مسئلے کو دنیا نے کبھی مسئلہ ہی نہیں سمجھا اب مودی کے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بعد پوری دنیا مودی کے خلاف بیدار ہورہی ہے اس کا مطلب ہے کہ اس کا بُرا وقت شروع ہوا چاہتا ہے اور صرف مودی ہی نہیں پوری بی جے پی کے رہنما ذلیل ہوں گے۔

ضعیف کشمیری کے یہ الفاظ اپنے اندر بہت سے معنے لیئے ہوئے تھے یا شاید ان الفاظ میں چھپے کرب کا ہی اثر ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین ہفتوں سےجاری بھارتی بربریت کے خلاف دنیا بھر میں مظاہروں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا ہے اور چہار جانب مودی کے خلاف غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔

بھارتی قابض مودی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں مظالم، پابندیاں، کرفیو اور وادی کی حیثیت تبدیل کرنے کے خلاف دنیا بھر میں جاری ان مظاہروں میں ہر کوئی کشمیر کی آواز بنتا جارہا ہے پیرس میں یونسیکو ہیڈکوارٹر کے باہر پاکستانی، کشمیری اور سکھ برادری  نے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف احتجاج کیا،جتنی دیر نریندر مودی کا یونیسکو ہیڈکوارٹر میں خطاب ہوتا رہا،اتنی دیر مظاہرین دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھاتے رہے۔

اس دوران مظاہرین نے بینر اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر خالصتان کے قیام اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے درج تھے،مظاہرین نے کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پر تبدیل کیے جانے کے خلاف نعرے لگائے اور کہا کہ اقوام متحدہ بھارت کو جابرانہ اقدام واپس لینے پر مجبور کرے۔

ادھر برمنگھم میں بھی بھارتی قونصلیٹ کے سامنے مظاہرین نے پُر زور احتجاج کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلائے،دوسری جانب ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا گیا،استنبول میں بھی بھارتی قونصل خانے کےسامنے سیکڑّوں افراد نے بھارتی اقدامات کے خلاف احتجاج کیا،مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی حیثیت یکطرفہ طور پر تبدیل کی  ہے جو نامنظور ہے۔

پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کر رکھا ہے جبکہ اقوام متحدہ اور امریکا سمیت کئی ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔

 

 

Share This Article

تازه ترین