بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کوامارت حکومت کا اعلیٰ ترین سول اعزاز عطا کردیا گیا

 

 اماراتی ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز (آرڈر آف زاید) عطا کردیا ہے،بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے اعلیٰ ترین اعزاز دینے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کیا ہے۔ 

اس سے قبل بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر جمعہ کو ابوظہبی پہنچے، نریندرمودی نے قصر الوطن میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی بات کی گئی۔

متحدہ عرب امارات نے رواں سال اپریل میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کا اعلان کیا تھا،لیکن اس فیصلے کو مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے باعث شدید تنقید کا سامنا ہے کیونکہ 5 اگست کو اٹھائے گئے بھارتی اقدامات کے بعد احتجاج کے پیش نظر وادی میں مکمل لاک ڈاؤن ہے جس کے باعث بچوں کے دودھ، ادویات اور اشیائے ضروریہ کی شدید قلت ہے۔

سوشل میڈیا پر کئی افراد کے ساتھ ساتھ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے بھی متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے مودی کو اعلیٰ ترین اماراتی سویلین اعزاز دینے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ کیا تھا، لیکن عرب امارات حکومت نے کسی بھی درخواست پر ردعمل دینے کے بجائے نریندر مودی کو اعزاز دینے کا فیصلہ برقرار رکھا۔

 

 

Share This Article

تازه ترین