وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارتی وزیر داخلہ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہےکہ آزاد کشمیر پر حملہ اعلان جنگ تصور ہو گا اور اس کا بھر پور جواب دیا جائے گا پاکستان نے اپنا گولہ بارود شب برات پر پھلجھڑیاں وغیرہ چھوڑنے کے لیے نہیں رکھا۔ انھوں نے خبردار کیا کہ پاکستان واحد ملک ہے جس میں نوجوانوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔
چند روز قبل بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان کے ساتھ آزاد کشمیر کے معاملے پر بات ہو سکتی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے گیڈر بھپکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت اب تک اپنے جوہری ہتھیاروں کے پہلے نہ استعمال کرنے کے معاہدے پر کاربند تھا لیکن مستقبل کا انحصار حالات پر ہے۔
شیخ رشید احمد کا کہنا ہےکہ دنیا کے محاذ پرکشمیریوں کا کیس لڑا ہے،فاشسٹ آمر، ہٹلر، نازی مودی نے غلطی کی ہے، بھارت کا ایجنڈا ہے مسلمانوں کو یرغمال بنا کر قابض رہے،شیخ رشید احمد نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق حالیہ اقدام بھارتی قیادت کا سوچا سمجھا منصوبہ ہے، نازی مودی کے احمقانہ اقدامات بھارت کو لے ڈوبیں گے۔
شیخ رشید نے کہا کہ مودی کی وجہ سے پاکستان میں ہم سب ایک ہوگئے، جو کشمیر کا غدار ہوگا وہ مودی کا یار ہوگا، جو کشمیرکے ساتھ ہوگا وہ راجکمار ہوگا،وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کو اندر سے توڑنا بھارت کا ایجنڈا ہے اور بھارت کا آزاد کشمیر پرحملہ کرنا اعلان جنگ ہوگا،وزیر ریلوے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی اقدامات کو خطے میں امن کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔