کراچی میِں بدھ کو مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا محکمہ موسمیات کا کہنا ہے بارشوں کا سلسلہ جمعے کی رات تک جاری رہ سکتا ہے تاہم موجودہ سسٹم چند ہفتے قبل بارش برسانے والے سسٹم سے کمزور ہے۔
محکمہ موسمیات کےمطابق بارش کا نظام آج رات سےجمعے کی صبح تک وقفے وقفے سےبرسے گا کراچی میں 30ملی میٹر تک بارش کی پیشگوئی ہیں،مون سون سسٹم داخل ہوتے ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے، جن میں ایف بی ایریا،گلشن معمار،گلستان جوہر، تیسر ٹاؤن ، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، نیو کراچی، سرجانی نارتھ ناظم آباد شامل ہیں،دوسری جانب حیدرآباد، ٹھٹھہ ،میرپورخاص اور دیگر اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بادل برسیں گے، ڈی جی ہیلتھ سندھ نے اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں ہیں۔
شہر کراچی مین 29 جولائی اور 9 اگست کی شدید بارشوں کے اثرات کئی علاقوں میں تاحال نظر آتے ہیں جبکہ شہر میں جگہ جگہ کچرا، سیوریج کے پانی اور ٹوٹی پھوٹی سڑکوں کے ساتھ گندگی سے وبائی امراض بھی پھوٹ پڑے ہیں لیکن اس ضمن میں صوبائی حکومت اور شہری حکومت کی جانب سے بیانات کے سوا کوئی عملی اقدامات نہیں کیئے گئے ہیں۔
اُدھر محمکہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ اور جمعرات کو ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہے گا، مالاکنڈ، ہزارہ، بہاولپور، ملتان، ڈی جی خان، قلات ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پرتیزہواؤں اورگرج چمک کیساتھ بارش کی توقع ہے۔
دوسری جانب شہر قائد میں شروع ہونے والی بارشوں نے کے الیکٹرک کی ناقص کارکردگی کا پول کھول کر رکھ دیا، کے الیکٹرک نے فیڈرز بند کردیئے،حالیہ بارش کے بعد کراچی کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ کے الیکٹرک نے بارشوں میں نئی حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے بارش کے شروع ہوتے ہی اپنے200 سے زائد فیڈر بند کردیئے۔
اس حوالے سے کے الیکٹرک ذرسائع کا کہنا ہے کہ شہریوں کو کرنٹ سے محفوظ رکھنے کیلئے نئی حکمت عملی اپنائی گئی ہے، جس کے تحت کے الیکٹرک نے ٹرانسمیشن لائن میں ارتھنگ سسٹم بہتر کرنے کیلئے فیڈرز بند کیے،کراچی میں بارش کے بعد جن علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل کی گئی ہے ان میں سرجانی ٹاؤن، تیسرٹاؤن، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ڈیفنس، سولجربازار، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا شامل ہیں،اس کے علاوہ لانڈھی، کورنگی، ملیر، ماڈل کالونی، کھوکھرا پار، ماڑی پور، کیماڑی، بلدیہ، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، گڈاپ، گلشن معمار، گلشن حدید اور اطراف کے علاقے بھی بجلی سے محروم ہیں۔ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک انتظامیہ کے شکایتی نمبر پر بجلی کی بحالی کا کوئی وقت نہیں بتایا جارہا۔