ماہ محرم الحرام 1441 ہجری کے آغاز پر جمعہ کی رات مشہد میں روضہ امام رضا علیہ السلام کے گنبد پر نصب پرچم ایک عظیم پروگرام کےدوران تبدیل کردیا گیا۔ اس موقع پر ہزاروں افراد شریک تھے ۔
اس کے ساتھ ہی محرم الحرام کے آغاز پر،فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا علیہ السلام کی ضریح مبارک میں غبارروبی انجام دی گئی جس میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای بھی شریک ہوئے،مشہد مقدس میں بارگاہ رضوی میں منعقدہ اس روحانی پروگرام میں رہبر انقلاب اسلامی کے علاوہ علمائے کرام اور عوام کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، آیت اللہ سید علی خامنہ ای ہرسال مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام رضا علیہ السلام کے روضہ مبارک کی غبار روبی کے روحانی پروگرام میں شرکت کرتےہیں۔
پاکستان کی طرح ایران میں بھی اتوار یکم ستمبر سے محرم الحرام کا آغاز ہورہا ہے،نواسہ رسول سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ نے 10 محرم سن اکسٹھ ہجری کو میدان کربلا میں اپنی عظیم قربانی پیش کرکے ساری دنیا کو عزت و سربلندی اور حریت و آزادی کا درس دیا، اس عظیم واقعے کی یاد میں دنیا بھر میں مومنین ومومنات ماہ محرم کو ماہ عزاء کے طور پر مناتے ہیں۔