وزیراعظم عمران خان نے ہیوسٹن میں اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا (اسنا) کنوینشن سے ویڈیو لنک کے ذریعے براہ راست خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام امن کا مذہب اور امن سے رہنے کا درس دیتا ہے، مسلمان ناصرف اپنے نبی ﷺ سے محبت کرتے ہیں بلکہ پہلے آئے تمام انبیائے کرام کا احترام کرتےاوراُن پرایمان رکھتے ہیں،دہشت گردی کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں لیکن نائن الیون کے بعد ہر واقعے کو اسلام سے جوڑا گیا، آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ کسی کے مذہبی جذبات کو مجروح کیا جائے لیکن یورپ میں مسلمانوں کی مساجد پر بھی حملے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کیوں ہر مسلمان کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، کسی ایک شخص کے عمل کو پوری کمیونٹی پورے مذہب سے نہیں جوڑا جا سکتا، نائن الیون سے پہلے تو تامل ٹائیگرز دہشت گرد حملے کرتے تھے۔
عمران خان نے بتایا کہ قائد اعظم نے ہندووں کے رویے کے سبب الگ ملک کی جدو جہد کی تھی جب کہ مودی کا بھارت گاندھی اور نہرو کے بھارت کے برعکس ہے، آج بھارت پر ایک انتہاپسندانہ نظریہ قابض ہو گیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام غیر مسلم اقلیتوں کو ہر قسم کی مذہبی آزادی حاصل ہے جب کہ بھارت میں آج بھی مسلمان اوردیگر اقلیتیں غیرمحفوظ اورحقوق سےمحروم ہیں۔
مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان نے ایک بار پھر بھارت کی حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مودی سرکارکی پالیسی کےباعث مقبوضہ کشمیر کےعوام چارہفتے سےلاک ڈاون کا شکار ہیں،عمران خان کا کہنا تھا کہ مودی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتی ہے، مقبوضہ وادی میں 26 روز سے کرفیو نافذ ہے، عوام طبی سہولیات سے محروم اور کمیونیکیشن کا نظام معطل ہے، مقبوضہ کشمیر کی قیادت کو حراست میں لیا گیا ہے اور ہزاروں نوجوانوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ خدشہ ہے بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کے لیے کچھ بھی کرسکتا ہے، بھارت کے کسی بھی ایکشن کا بھرپورجواب دیا جائے گا،انہوں نےبین الاقوامی برادری کومخاطب کرتے ہوئےکہا کہ دنیا خبرداررہےکیونکہ جنوبیایشیا میں دو ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ مغربی دنیا کو آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریات کو سجھنا ہوگا، آزادی اظہار کا یہ مطلب نہیں کہ مذہبی جذبات کو مجروح کیا جائے،انہوں نے کہا کہ بھارت میں آرایس ایس مسلمانوں کے خلاف نفرت پھیلا رہی ہے، آر ایس ایس کی شروعات کیسے ہوئی وہ انٹرنیٹ پر دیکھا جاسکتا ہے،مقبوضہ کشمیرمیں آرایس ایس کے غنڈے دہشت گردی کر رہے ہیں،بھارت کا سیکولرازم خطرے میں ہے۔