ٹرمپ سعودی عرب کی وحشی حکومت کی حمایت کررہے ہیں،امریکی سینیٹر

 

امریکی سینیٹر اور نامزد صدارتی امیدوار برنی سینڈرز نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے سعودی حکومت کی حمایت پر کڑی نکتہ چینی کی ہے،اپنے ایک بیان میں سینیٹر برنی سینڈرز نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے یمن میں سعودی عرب کے جنگی جرائم کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ دراصل ریاض میں قائم ایک وحشی حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔ 

انہوں نےکہا کہ یمن کےعوام کوبمبوں کی نہیں انسان دوست امداد کی ضرورت ہے،برنی سینڈرز نے کہا کہ وہ یمن کے خلاف سعودی اتحاد کی جنگ میں امریکی تعاون ختم کرانے کے لیے پوری توانائیاں بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے اس سے پہلے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ٹرمپ کو وا‏ئٹ ہاوس سے نکل کر ہی یمنی عوام کو نجات دلائی جاسکتی ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روزسعودی اتحادی افواج نے یمن میں حوثیوںکے ٹھکانوں پر فضائی بمباری کی جس کے نتیجے میں 100 کے قریب افراد جاں بحق ہوئے،سعودی عسکری اتحاد نے اس حملے کو بڑی کامیابی قرار دیا سعودی ٹیلی وژن کے مطابق حملوں کا ہدف ذمار کے مقام پر قائم ڈرونز اور میزائل کا ایک بڑا گودام تھا، اتحاد نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔

اُدھر حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن المصیرہ کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں ایک جیل کو نشانہ بنایا گیا اور کئی قیدیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ تاہم حملے سے متعلق مکمل تفصیلات سامنے نہیں آئیں،فوجی اتحاد کی جانب سے حوثی باغیوں کے خلاف تابڑ توڑ کارروائیاں جاری ہیں، گذشتہ ماہ شدت پسندوں کے خلاف متعدد زمینی اور فضائی کارروائیاں کی گئیں۔

Share This Article

تازه ترین