یہ وہ نعرہ وہ جُملہ ہے جو مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کی مختلف شاہراوں اور گلیوں میں پوسٹرز کی صورت میں لگا ہوا ہے اور ان پوسٹرز پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی تصویر بھی نمایاں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی شاہراہوں اور گلیوں میں پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کے پوسٹرز اور ہینڈبلز آویزاں کیے گئے ہیں،میڈیا رپورٹس کے مطابق پوسٹرز میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کشمیریوں کے لیے آخری گولی اور آخری سپاہی تک لڑنے کا بیان تحریر کیا گیا ہے۔
جب کہ پوسٹر میں حریت رہنماؤں کی جانب سے یہ اعلان کیا گیا ہےکہ کشمیری زمین پر جنت اپنے وطن سے بھارت کو نکالنے کے لیے شانہ بشانہ ہوں گے اور جنت غاصب بھارتی فوج کا مسکن نہیں بن سکتی۔
بھارتی فوجی افسران اور مودی سرکار کے کرتا دھرتا اس بات سے پریشان ہیں کہ راتوں رات یہ پوسٹرز کس طرح اور کس نے لگائے، ان پوسٹرز کو دیکھنے کے بعد جہاں مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی افواج میں سراسیمگی پھیلی ہوئی ہے وہیں کشمیریوں میں بھی ایک نئے عزم اور نئے جوش کی اطلاعات مل رہی ہیں، کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ان پوسٹرز کی وجہ سے کشمیریوں نے بھارتی تسلط سے آزادی کے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد 5 اگست سے وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے اور مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن کی صورتحال ہے جہاں میڈیا کے نمائندوں کا داخلہ بھی بند ہے۔