آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہےکہ بھارتی فوج اور میڈیا نے 2 پاکستانی شہری گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے،21 اگست کو آزاد کشمیر کے دو کسانوں نے غلطی سے ایل او سی پار کی ، 21 سالہ عارف اور 30 سالہ خلیل گھاس کاٹنےگئےتھے، بھارت کو اس بات کے لیے ہاٹ لائن پر آگاہ کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حکام نے اس بات کو تسلیم کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ اس حوالے سے معمول کی قانونی کارروائی کی جارہی ہےاوراس سےمتعلق پاکستان کو آگاہ کیا جائےگا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ معصوم پاکستانیوں کو دہشتگرد بنا کر پیش کرنا حقائق کے منافی ہے۔
دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی بھارت کے چاند پر جانے کے مشن کے فیل ہونے پر اپنے رد عمل کا اظہار کیا ہے،اپنے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری بیان میں میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی اسپیس ایجنسی ’آئی ایس آر او‘ کو ٹیگ کرتے ہوئے طنزیہ شاباش دی۔
آصف غفور نے کہا کہ اب اس کا ذمہ دار کسے ٹہراتے ہیں؟ پابندیوں میں جکڑے مقبوضہ کشمیر کے معصوم کشمیریوں کو؟ بھارت میں مسلمانوں اور اقلیتوں کو؟ بھارت میں ہندتوا کے خلاف اٹھنے والی باشعور آوازوں کو یا پھر آئی ایس آئی کو؟
میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو پیغام دیا کہ ہندوتوا آپ کو کہیں کا نہیں چھوڑے گی لہٰذا چاند کو اکیلا چھوڑ دیں،انہوں نے پاکستان میں جنگی قیدی بننے والے ابھی نندن کو بھارتی ایوارڈ ویر چکرا ملنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور جھوٹی کہانی اور جعلی دعوے کا جواب دیکھتے ہیں۔