حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے رفقاء کی لازوال قربانی کی یاد میں  شہر شہر نویں محرم کے جلوس نکالے جارہے ہیں اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات ہیں، کراچی سمیت کئی شہروں میں ڈبل سواری پر پابندی ہے۔

نواسہؑ رسولﷺ اور شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر میں مجالس اور شبیہہ و ذوالجناح کےجلوس برآمد ہونے کا سلسلہ جاری ہے ، عزادار نوحہ خوانی، ماتم اور زنجیر زنی کر کے اپنی عقیدت کا اظہار کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں 9 محرم کا جلوس جی 6 امام بارگاہ سے برآمد ہوا ہے جس میں ہزاروں عزادار شریک ہیں، جلوس کے شرکاء نوحہ خوانی و سینہ زنی کرتے ہوئے مظلوم امام سے اپنی موّدت و عقیدت کا اظہار کررہے ہیں جبکہ راولپنڈی میں سیٹلائٹ ٹاوّن، صدر، کمیٹی چوک سمیت مخلتف علاقوں سے 9 محرم کے جلوس برآمد ہورہے ہیں۔

کراچی میں نو محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشترپارک سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستوں پر رواں دواں ہے ، جو حسینیہ ایرانیان میں اختتام پذیرہوگا، رات گئے جلوس کی گزرگاہوں کو کنٹینرز لگا کر سیل کردیا گیا ہے جبکہ 65 ہزارسے زائد نفری سیکیورٹی  اہلکار صوبے بھر میں مامور ہیں اور جلوسوں کی گزرگاہوں کی فضائی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔

لاہورمیں بھی شہدائے کربلا کی یاد میں جلوس اورمجالس کا سلسلہ جاری ہے، آج کے دن کی مناسبت سے لاہور میں 9محرم کا جلوس پانڈو اسٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوگا ، جلوس نیلی بار، بابا گراؤنڈ، سیکرٹریٹ سے ہوکر خیمہ سادات پہنچے گا، جلوس کے شرکاء نماز ظہرین عالمگیر روڈ پر ادا کریں گے جبکہ جلوس کے شرکاء نماز مغربین پرانی انار کلی میں ادا کریں گے،لاہور میں سیکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی، اسلام پورہ کو جانے والے تمام راستے سیل کردیئے گئے ہیں۔

 

ملتان میں 9 محرم کامرکزی جلوس امام بارگاہ ممتاز آباد سے برآمد ہو گا، جلوس کی گزرگاہ کی تلاشی مکمل کرلی گئی ہے اور سیکیورٹی اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں جبکہ جلوس کی گزرگاہ سے منسلک راستے کو سیل کردیا گیا ہے۔

پشاور میں نویں محرم کا مرکزی ماتمی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر سے بر آمد ہوگا، جلوس کیلئے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں ، دس ہزار پولیس اہلکار شہر بھر میں چوکس ہیں جبکہ خواتین اہلکار بھی ڈیوٹی پر معمور ہیں۔

 

0 replies

Leave a Reply

Want to join the discussion?
Feel free to contribute!

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے