لبنان کے المنار ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق لبنان کی سرحد پار کرنے والے اسرائیلی ڈرون کو حزب اللہ کے جنگجوؤں نےرامیہ کے علاقےمیں مار گرایا ہےاوراسرائیلی ڈرون اب ان کے قبضے میں ہے۔
حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان گزشتہ کئی ہفتوں سے سرحد پر کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔چند روز قبل لبنان میں حزب اللہ کی وزارت اطلاعات کی عمارت پر ڈرون حملہ کیا گیا تھا جس کا الزام حزب اللہ نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔
لبنان کے وزیراعظم سعد حریری نے ڈروں حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ملکی سالمیت پر کھلا حملہ قرار دیا تھا،اسرائیل نے بھی گزشتہ ہفتے حزب اللہ پر لبنان کے علاقے بیکا میں میزائل فیکٹری کی تعمیر کا الزام عائد کیا،حزب اللہ نے بھی ردعمل کے طور پر اسرائیل پر ٹینک شکن میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک فوجی گاڑی تباہ ہوئی،اسرائیلی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران حزب اللہ کے تعاون سے ایک منصوبے کے مطابق گائیڈڈ میزائل لبنان اسمگل کر رہا ہے۔
حزب اللہ کے سیکریٹری جنرل حسن نصر اللہ نے اسرائیلی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حزب اللہ لبنان میں ہتھیاروں کی کوئی فیکٹری تعمیرنہیں کر رہا،یاد رہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان 2006 میں بھی ایک ماہ کی طویل جنگ ہو چکی ہے اور اس کے بعد سے دونوں ممالک کی سرحد پر صورتحال کشیدہ ہے۔